آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی شکست یقینی : چندرا بابو نائیڈو

وجے واڑہ : آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو نے دعوی کیا ہے کہ ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں ٹی ڈی پی سب سے اہم کردار ادا کرے گی ۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں وزیر اعظم بننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلی وتلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابو نائیڈو کہا کہ ۲۰۱۹ء میں علاقائی جماعتیں کنگ میکر ہوں گی ۔انہوں نے وجے واڑہ میں پارٹی کے سالانہ پروگرا م مہاناڈو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی شکست دینے کے لئے تمام علاقائی جماعتیں متحد ہورہی ہیں۔

بی جے پی شکست کا مزہ چکھے گی ۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی اقتدار کی بھوک کے خلاف تیسرے محاذ کی تشکیل میں علاقائی جماعتوں کی ضرورت ہے ۔اس تعلق سے آئندہ تین دنوں میں مہاناڈو میں قرار دیں منظور کی جائیں گی ۔ملک کی سیاست میں تبدیلی کی طاقت تلگو دیشم پارٹی میں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے موقع پر ریاست سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی خواہش پر اے پی کے ساتھ مرکز نے سازش کی ۔انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش خصوصی درجہ کا حقدار ہے او راس کے لئے تلنگانہ نے بھی حمایت کی ہے ۔

ریاست آندھراپردیش سے ناانصافی کے سبب ہی تلگو دیشم پارٹی این ڈی اے سے علاحدہ ہوگئی ہے۔اس تعلق سے کوئی فکر مندی یا تشویش کی ضرورت نہیں ہے ۔