ابھی کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر یدی یورپّا کے ذریعہ ائیر اسٹرائیک پر دیئے گئے سیاسی بیان کا ہنگامہ تھما بھی نہیں تھا کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جھارکھنڈ بی جے پی صدر لکشمن گلوا نے بھی ’ائیر اسٹرائیک‘ پر سیاسی بیان دے دیا ہے۔ انھوں نے بھی یدی یورپّا کی طرح واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ حال میں پاکستان کے بالاکوٹ میں دہشت گرد ٹھکانوں پر کی گئی ائیر اسٹرائیک سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں جھارکھنڈ بی جے پی کو مدد ملے گی۔ لکشمن گلوا کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے سروے ہمیں بتا رہے ہیں کہ بی جے پی جھارکھنڈ میں سبھی 14 سیٹیں جیتے گی۔ آخر کار ہماری ہندوستانی فضائیہ نے پلوامہ خودکش حملے میں ہمارے فوجیوں کو مارنے کے 12 دنوں کے اندر ہی پاکستان میں دہشت گرد کیمپ کو تباہ کر دیا۔‘‘
لکشمن گلوا نے اُری حملے کے بعد کیے گئے سرجیکل اسٹرائیک کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کی حرکتوں کا بدلہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم پاکستان کے قبضے والے کشمیر میں داخل ہوئے اور ان لوگوں کو مار دیا، ٹھیک ہے؟ پھر ہم نے پاکستان کے خارجہ سکریٹری سے کہا کہ دہشت گردوں کی لاشوں کو اٹھا لے جائیں۔‘‘
غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ بی جے پی صدر کا یہ بیان کرناٹک صدر یدی یورپّا کے اس بیان کے کچھ ہی دنوں بعد آیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ائیر اسٹرائیک سے بی جے پی کو کرناٹک میں 22 سیٹیں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ یدی یورپّا کے بیان کے بعد سے اپوزیشن پارٹیاں لگاتار بی جے پی پر فوج اور سی آر پی ایف جوانوں کی شہادت کا سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کر رہی ہیں۔