احمد آباد:گجرات کے بناسکانٹھا ضلع میں راجستھان کی سرحد پر واقع امیرگڑھ چیک پوسٹ سے پولیس نے آج اترپردیش سے آرہی ایک گاڑی سے 54لاکھ کی نقد رقم برآمد کرکے اس سلسلے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
امیرگڑھ کے پولیس افسر کے وائی قطر نے بتایا کہ پوری نقد رقم 2000روپئے کے نوٹوں میں(کل27بنڈل یا2700نوٹ)ہیں۔کار کی تلاشی باقاعدہ تحقیقات کے دوران کی گئی۔
اس میں سوار اترپردیش کے ہاتھرس کے ساکن نوجوان تاجر سچن اور نتن اگروال کے بشمول ڈرائیور منیش کو گرفتارکرلیاگیا ہے۔
ابتدائی پوچھ تاچھ میں وہ نقدرقم کے متعلق کوئی تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہے جس کی بناء پولیس نے انہیں گرفتار کرکے کار سے برآمد رقم کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس کی جانب سے اس ضمن میں مزیدتحقیقات کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔