کنیریا نے پاکستان چھوڑدیا؟

لاہور ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) میچ فکسنگ مقدمہ میں سزا یافتہ پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا اہل خانہ کے ہمراہ ہندوستان روانہ ہوگئے ہیں۔ فکسنگ کی وجہ سے دانش کنیریا پر تاحیات پابندی عائد ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اب پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ کنیریا کا موقف ہے کہ وہ والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ ہندوستان یاترا کیلئے گئے ہیں۔ دانش کنیریا نے چند ہفتے قبل وزیر اعظم نواز شریف کو ایک مکتوب میں انصاف کی اپیل کرتے ہوئے ان پر کرکٹ کے دروازے کھولنے کی درخواست کی تھی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی انضباطی کمیٹی نے دانش کنیریا پر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے۔ 30  سالہ کرکٹر پر ویسٹ فیلڈ نے الزام عائد کیا تھا کہ کنیریا نے ان پر ایک بک میکر سے ناقص کارکردگی کے بدلے 6,000 پونڈ لینے پر دباؤ ڈالا تھا۔ دانش کنیریا نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 61 ٹسٹ میچوں میں 261 وکٹیں لیں۔