نئی دہلی: ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس مرتبہ کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت کا اعلان نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مسلمانو ں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کی ذاتی ساکھ اور ان کے سابقہ ریکارڈ کودیکھتے ہوئے رائے دہی کا فیصلہ کریں ۔ شاہی امام نے اس انتخاب کو ہندوستانی ضمیر ، قومی غیرت ، آئین کی پاسداری او رعد ل وانصاف کا غماز قرار دیا ہے۔ مولانا سید احمد بخاری نے کہا کہ جمہوری حکومت میں کبھی کبھی ایسے مراحل آجاتے ہیں اس وقت کوئی فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ کونسی سیاسی پارٹی ملک کو ٹھیک طرح سے چلاپائے گی او روطن عزیز کو ترقی اور بقاء کی طرف لے جائے گی ۔
ایسے نازک حالات میں سوچ سمجھ کر فیصلہ نہ کیا جائے توقوموں او رملکوں کا مستقبل تاریک ہوجانے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ کچھ ایسی ہی کیفیت ملک کے پارلیمانی انتخابات سے پیدا ہوگئی ہے لہذا اب ملک کے عوام اور خصوصاً مسلمانوں کو ایک نئی حکومت بنانے کافیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی کی ایک طویل داستاں ہے۔ وقف املاک پر ناجائز قبضے ، مسلمانو ں کے جان ومال کے تحفظ کا مسئلہ ان سب کے پیش نظر مسلمانو ں کو چاہئے کہ وہ ایک ایسافیصلہ لیں جو ہندوستان اور اس کی صدیوں پر محیط معاشرتی ہم آہنگی او رآئین کی بالا دستی و پاسداری کی ضمانت کاغما ز ہوں۔