۔100 مسافرین زخمی ۔ ٹرین رفتار پر قابو پانے میں ناکام
ہوبوکین ( امریکہ ) 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوجرسی میں ایک ریلوے اسٹیشن میں مسافرین سے بھری ہوئی ایک ٹرین گھس پڑی جس کے نتیجہ میں تین افراد کے ہلاک اور زائد از 100 کے زخمی ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر لوگ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ صبح کے مصروف ترین اوقات میںپیش آیا ۔ نیوجرسی کے ایک ٹرانزٹ عہدیدار نے بتایا کہ یہ ٹرین تیز رفتاری کی وجہ سے رکنے میں ناکام رہی اور وہ پٹریوں کے اختتام پر رکاوٹوںمیں گھس گئی اور ایک دیوار کو توڑتے ہوئے چند میٹر آگے چلی گئی ۔ ایک اور ٹرانزٹ ملازم مائیکل لارسن نے بتایا کہ اس نے ایک بم جیسے دھماکہ کی آواز سنی جبکہ ٹرین نے بمپروں کو ٹکر ماری تھی ۔ ٹکر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بمپرس ہوا میں اڑ گئے ۔ سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کے جو ویڈیو اور تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں ان میں ظاہر کیا گیا ہے کہ ٹرانزٹ ہب کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ ٹرین وائروں اور ملبہ میں پھنس گئی تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ یہاں چھت کا بھی کچھ حصہ منہدم ہوگیا ہے ۔ حادثہ کا شکار ٹرین 1614 سپرنگ ویلی سے آ رہی تھی جب وہ ہوبوکین ٹرمنل بلڈنگ میں صبح 8.45 بجے ( مقامی وقت کے مطابق ) حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس اسٹیشن کے اندر اور باہر تمام خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ مسافرین کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ ایک تیز رفتار ٹرین پٹریوں کے اختتام پر بمپروں سے ٹکرا گئی ۔ ٹرین اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکی جس کی وجہ سے حادثہ ہوا ۔