مکۃ المکرمہ۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد الحرام میں مقام ابراہیم کی مرمت کا کام جاری ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مقام ابراہیم سمیت مکبریہ(موذن اور مکبر کی جگہ) کے علاوہ حجر اسماعیل کے پتھروں کی تبدیلی اور مرمت کا آغاز کیا تھا۔حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اور مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مقام ابراہیم میں جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل مرمت کا کام مکمل ہونا چاہیے۔ حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ مقام ابراہیم میں جاری مرمت میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل ہوگا۔ علاوہ ازیں نیا سنہری خول چڑھایا جائے گا۔مقام ابراہیم کی بنیاد میں سنگ مرمر کی تبدیلی کی جائے گی۔ دوسری طرف مکبریہ میں بھی شیشے کی تبدیلی کے علاوہ بنیادی آلات کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے۔اسی طرح رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے مسجد الحرام میں 21ہزار نئے قالین بچھانے کا اہتمام کیا جارہاہے۔