غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ

فلسطینی نوجوان جاں بحق، صحافی سمیت 25 افراد زخمی

غزہ- فسلطین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 16 سالہ لڑکا ہلاک کردیا جبکہ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں صحافی سمیت 25 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز نے غزہ کی سرحدی پٹی پر ایک بار پھر پرامن مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

فائرنگ کی زد میں آکر سولہ سالہ محمد جواد جاں بحق اور مقامی صحافی سمیت پچیس سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا یہ ہفت روزہ احتجاج تیس مارچ سے جاری ہے، پرامن احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد اب تک د و سو بیس تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ فلسطین پر صیہونی ریاست کے جابرانہ تسلط کے باعث بے گھر و بے سہارا ہونے والے فلسطینی شہریوں کی امداد کرنے والا عالمی ادارہ خوراک بھی اسرائیلی نقش قدم پر گامزن ہوگیا ہے۔

گذشتہ روز اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک نے بے سہارا فلسطینیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک بند کرنے کا اعلان کردیا۔