اوسط سے شدید بارش کا امکان ۔ صبح و شام کے وقت موسم خوشگوار رہے گا ‘ اسکائی میٹ
حیدرآباد 29 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اسکائی میٹ ویدر کی پیش قیاسی ہے کہ یہ بارش اوسط سے شدید بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں مطلع ابر آلود ہے اور گہرے بادل کی وجہ سے موسم خوشگوار بھی ہوگیا ہے ۔ حیدرآباد میں گذشتہ دو دن سے اوسط سے بھاری بارش ہو رہی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ حیدرآباد میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ریاست کے دوسرے مقامات جیسے راما گنڈم میں 15 ملی میٹر ‘ نلگنڈہ میں 7 ملی میٹر اور کھمم میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ شہر میں جاریہ ہفتے کے آغاز ہی سے ہلکی ہلکی بارش شروع ہوگئی تھی اور اس بارش کی وجہ سے شہر میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور شہریان نے راحت کی سانس لی ہے ۔ فی الحال حیدرآباد میں ہلکی بارش ہور ہی ہے جو آئندہ 2 تا 3 دن جاری رہ سکتی ہے اور یہ بارش اوسط سے شدت کی بھی ہوسکتی ہے ۔ اسکائی میٹ ویدر کے بموجب تلنگانہ کے اوپر سائیکلون جیسی موسمی صورتحال کی وجہ سے یہ بارش ہو رہی ہے علاوہ ازیں ساحلی آندھرا پردیش میں بھی موسمی حالات سائیکلون جیسے بن گئے ہیں۔ تاہم اب یہ دونوں موسمی حالات یکجا ہوگئے ہیں جن کے اثر سے حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ مزید کم از کم دو دن جاری رہنے کی امید ہے ۔ اس وقفہ میں تلنگانہ کے دوسرے مقامات پر بھی ہلکی بارش جاری رہ سکتی ہے ۔ اس کے بعد بھی حالانکہ بارش کی شدت اور تسلسل ٹوٹ جائیگا تاہم یکا دوکا موقعوں پر بارش ہوسکتی ہے ۔ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے ۔ صبح اور شام کے وقت موسم خوشگوار رہے گا ۔ تاہم دن میں گرمی بھی ہوسکتی ہے ۔ فی الحال جو گرمی چل رہی تھی بارش کی وجہ سے اس کا اثر ضرور ٹوٹا ہے ۔ پیش قیاسی کی گئی ہے کہ درجہ حرارت اعظم ترین 30 ڈگری سلسئیس کے آس پاس اور اقل ترین 20 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔