منگلور پولیس چوکی کے سامنے نعرے بازی ‘ مقبوضہ کشمیرکو سونپنے کا مطالبہ
دیو بند ۔ پاکستان کی جانب سے جموں کشمیر میں منصوبہ بند دہشت گرد ی سے ناراض راشٹرایہ مسلم منچ کے کارکنان نے پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کیا‘ منچ کے کارکنان نے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر کو دوبارہ ہندوستان واپس سونپنے کا مطالبہ ۔
آج راشٹریہ مسلم منچ کے ضلع صدر حکیم عبدالستار کی قیادت میں کارکنان نے منگلور پولیس چوکی کے سامنے جمع ہوکر پاکستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی‘کارکنان کی جانب سے اس دوران پاکستان کے جھنڈے کو نذرآتش کیاگیا۔
بعد ازاں کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالستار نے کہاکہ جموں کشمیر میں پاکستان حکومت کی جانب سے منصوبہ بند طریقے سے دہشت گردی کو بڑھاوادیا جارہا ہے‘ جس سے بے گناہ افراد جاں بحق ہورہے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ ہندوستان حکومت اپنے بہادر فوجیوں اور شہریوں کی موت کابدلہ پاکستان پر حملہ کرکے لینا چاہئے ‘ منچ کے ضلع کنونیر بابر علی نے کہاکہ آزادی کے بعد پاکستان کی جانب سے کشمیر کے کچھ حصوں پر قبضہ کیاہوا ہے جہاں سے ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کی پالیسی تیار کی جاتی ہے۔
مودی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوج بھیج کر اسے ہندوستان میں واپس ملا ناہوگا تاکہ ہندوستان ایک مرتبہ پھر مضبوط ہوسکے۔اس دوران کارکنان نے وزیراعظم نریندر مودی کاپانچ نکاتی میمورنڈم ایس ڈی ایم کی معرفت بھیجا۔ اس موقع پر زاہد فاروقی ‘ عالم گیر‘ سلمان‘ حسیب ‘ محمد انور ‘ نزاکت وغیرہ موجو درہے۔