اورنگ آباد:ضلع مجسٹریٹ کنوال تنوج نے یہ کہتے ہوئے ایک نئے تنازع کو ہوا دی ہے کہ جو کوئی بھی اپنی گھر والی کے لئے بیت الخلاء تعمیر نہیں کرسکتا اس کو اپنی بیوی فروخت کردینی چاہئے۔ضلع اورانگ آباد کے جمہور علاقے میں ہفتہ کے روز صفائی ابھیان کے متعلق منعقدہ اجلاس سے وہ خطاب کررہے تھے۔مسٹر تنوج نے کہاکہ ’’بیت الخلاء کی کمی کے سبب عورتوں کی عزت لوٹی جارہی ہے اور انہیں ہراساں وپریشان کیاجارہا ہے۔
صرف بارہ ہزار روپئے بیت الخلاء کی تعمیر کا خرچ ہے۔ ہاتھ اٹھاؤ اور بتاؤ کسی کی بیوی ان بارہ ہزار سے قیمتی ہے؟کون اپنی بیوی کو بارہ ہزار روپئے کی قیمت عصمت ریزی کا شکار ہونے کے لئے چھوڑ دیگا؟عوام کی جانب سے انہیں ملے جواب’’ ہمارے پاس بیت الخلاء کی تعمیر کے لئے پیسے نہیں ہیں‘‘ تو اس کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ’’ اگر یہی تمہاری ذہنیت ہے تو جاؤاپنی بیوی کو فروخت کردو۔
جو لوگ بیت الخلاء تعمیر نہیں کرسکتے انہیں اپنی بیوی کا ہراج کرادینا چاہئے‘‘۔ سماج وادی پارٹی نے پیر کے روز ضلع مجسٹریٹ کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
ایس پی لیڈر جوہی سنگھ نے اے این ائی سے کہاکہ’’وہ ایک ائی اے ایس افیسر ہیں انہیں اپنے زبان پر قابو رکھنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ان کی تنخواہ عوام کے جانب سے ادا کئے گئے ٹیکس کے پیسوں سے آتی ہے۔ ان کے یہ ریمارکس قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔ میراحکومت اور چیف منسٹر( نتیش کمار)سے مطالبہ ہے کہ ان کے خلاف کڑی کاروائی کی جائے‘‘