تکثیر و تنوع ہندوستان کی طاقت، بعض ممالک میں ایک ہی عقیدہ کے افراد ایک دوسرے کو برداشت کرنے تیار نہیں۔ وزیراعظم مودی کا خطاب
اندرا گاندھی کو بھی خراج عقیدت
نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات انتخابات سے قبل کانگریس پر در پردہ تنقیدی حملہ کرتے ہوئے آج کہاکہ چند جماعتوں اور حکومتوں نے ماضی میں آزادی کے فوری بعد ملک کو متحد کرنے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات اور کارناموں کو نظرانداز اور مٹانے کی کوشش کی۔ سردار پٹیل کے 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جھنڈی دکھاکر ایک دوڑ کا افتتاح کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ملک کے پہلے وزیرداخلہ کے تدبر اور سیاسی فراست کی بدولت ہندوستان آج متحد ہے حالانکہ نوآبادیاتی سامراجی حکمرانوں کی خواہش تھی کہ ہندوستان اپنی آزادی کے بعد چھوٹی ریاستوں میں منتشر ہوجائے۔ وزیراعظم مودی نے کسی حکومت یا پارٹی کا نام لئے بغیر کہاکہ ’’پٹیل کے کارناموں کو فراموش شدہ تاریخ کا حصہ بنانے کے لئے پٹیل کو نظرانداز کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ لیکن سردار بہرحال سردار ہیں۔ خواہ کوئی حکومت یا جماعت ان کی خدمات کا اعتراف کریں یا نہ کریں مگر ساری قوم اور نوجوان اُنھیں فراموش نہیں کریں گے‘‘۔ سردار پٹیل کو والہانہ انداز میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اُنھوں نے ملک کو نہ صرف آزادی کے فوری بعد درپیش مشکلات سے بچایا بلکہ ساری قوم کو متحد رکھنے میں کامیاب بھی رہے‘‘۔
اُنھوں نے کہاکہ ’’برطانوی حکومت کی خواہش تھی کہ ہندوستان چھوٹی ریاستوں میں تقسیم اور منتشر ہوجائے لیکن سردار پٹیل نے ’’راج نیتی‘‘ کوٹ نیتی اور دیگر درکار تمام حربوں کو بروئے کار لایا اور وقت کے ایک انتہائی مختصر عرصہ میں تمام شاہی ریاستوں کو واحد قوم میں متحد کیا‘‘۔ مودی نے کہاکہ ہندوستانی عوام نسل در نسل سردار پٹیل کو یاد کرتے رہیں گے اور بالخصوص نوجوان جو پٹیل کی وراثت کو آگے بڑھارہے ہیں۔ ’’دوڑ برائے اتحاد‘‘ میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے آغاز ہوا جس میں بشمول سردار سنگھ، دیپاکارماکر، سریش رائینا اور کارنم ملیشوری جیسی اسپورٹس شخصیات، عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 1.5 کیلو میٹر کی یہ دوڑ شاہجہاں روڈ کے قریب انڈیا گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ قبل ازیں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پر واقع سردار پٹیل کے مجسمہ کو پھول مالا پہناتے ہوئے زبردست خراج عقیدت ادا کیا۔
وزیراعظم اور دیگر نے کہاکہ تکثیریت اور تنوع ہندوستان کی طاقت اور استحکام ہیں جہاں کئی زبانیں، مذاہب، تہذیب، روایتیں، رسم و رواج، مختلف طرز حیات اور غذائی عادات ہیں۔ ’’لیکن یہ ہماری طاقت ہیں اور یہی ہمارا درخشاں مستقبل ہیں۔ ہندوستان اپنی تکثیریت اور تنوع پر فخر کرتا ہے‘‘۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ بعض ملکوں میں ایک ہی عقیدہ کو ماننے والے افراد ایک دوسرے کو برداشتکرنے اور رواداری کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ایک دوسرے کو نقصان پہونچانا چاہتے ہیں اور ایک دوسرے کو ہلاک کررہے ہیں لیکن ہندوستان میں جہاں تنوع اور تکثیریت ہے اس کے باوجود سب متحد ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ’’ہمارے ملک کو متحد رہنا چاہئے۔ 125 کروڑ ہندوستانیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہندوستان متحد رہے‘‘۔ سردار پٹیل 31 اکٹوبر 1875 ء کو پیدا ہوئے تھے اور 15 ڈسمبر 1950 ء کو ان کا انتقال ہوا تھا۔ وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب کے آغاز پر سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو بھی خراج عقیدت ادا کیا جو 31 اکٹوبر 1984 ء کو اپنے ہی باڈی گارڈس کے قاتلانہ حملے میں فوت ہوگئی تھیں۔