واشنگٹن : امریکی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں میز بان کی جانب سے پی ٹی آئی کے چیر مین عمران خان کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے تشبیہ دینے پر تنازع شروع ہوگیا ہے ۔ ’’دا ڈیلی شو ‘‘ کے نام سے میزبان ٹریور نوح نے تقریبا ۵۰؍ منٹ کا پروگرام کیا جس میں انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ عمران خان اور ڈونالڈ ٹرمپ میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے ۔ ٹریور نے دونوں سیاست دانوں سے متعلق بعض پرانے پروگرامس کے مناظر دکھائے جن میں دونوں کو دولت مند ، خوش شکل اور خواتین میں مقبول بتایاگیا ۔ٹریور نے عمران خان کا بیڈروم دکھا کر مزاحاً کہا کہ کیا یہ پاکستانی ٹرمپ ٹاور نہیں ہے؟ پھر عمران خان اورٹرمپ کی ایک ساتھ تصاویر بھی دکھائی گئیں جنہیں ’’ جڑواں ‘‘ کا عنوان دیاگیا ۔
پھر مزید کلپس دکھائے گئے جن میں عمران کو حکومت چلانے میں نا تجربہ کار ، قوم پرست ، عوامیت پسند ، تضاد بیان قرار دیا گیا ۔ میزبان نے کہا کہ ٹرمپ او رعمران خان دونوں پر ہی جنسی ہراسانی سے متعلق الزام لگے اوردونوں نے ہی تین شادیاں کیں ۔
ٹریور کے اس پروگرام پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے مخالفین نے ہمیشہ کی طرح اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا او رعمران خان پر تنقید یں شروع کردیں ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامیو ں نے عمران خان کا دفا ع کیا ۔