پرنب مکرجی نے آر ایس ایس کو ’’سچائی کا آئینہ‘‘ دکھایا ، مودی حکومت کو راج دھرم کی یاد دلائی:کانگریس

نئی دہلی ۔ /7 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا کہ سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آر ایس ایس کو ’’سچائی کا آئینہ ‘‘دکھاتے ہوئے ہندوستان کے کثیر الوجود ، رواداری ، سیکولرازم اور بھائی چارہ کی اصل روح سے واقف کروایا ۔ ملک کا عقیدہ اور روح اسی پر قائم ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ سابق صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا دورہ آر ایس ایس ہیڈکوارٹر موضوع بحث بنا ہوا تھا ۔ لیکن انہوں نے آر ایس ایس کے سامنے سرزمین ہند کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کردیا ۔ ہندوستان تمام عقائد کے ماننے والوں کا ملک ہے ۔ انہوں نے نریندر مودی حکومت کو بھی راج دھرم پر چلنے کی یاد دلائی۔ ہمارا ملک کثرت میں وحدت ، عدم تشدد ، ہمہ ثقافتی اور ہمہ نظریات کا حامل ملک ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کو اس بات کی یادد دلائی کہ عوام کی خوشی میں ہی ہماری خوشی ہے ، ان کی بہبود میں ہی ہماری فلاح مضمر ہے ۔

نفرت ، عدم رواداری سے قومی شناخت کمزور
ہندوستان کثیرالوجود اور رواداری کی سرزمین ، آرایس ایس تقریب سے پرنب مکرجی کا خطاب

ناگپور ۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدرجمہوریہ اور کانگریس کے بزرگ لیڈر پرنب مکرجی نے آج خبردار کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور عدم رواداری کے باعث قومی شناخت کمزور ہوجائے گی۔ آر ایس ایس کے پلیٹ فارم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ قوم پرستی، نسلی یا مذہبی حدود تک محدود نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے اختلافات کو دُور کرنے کیلئے مذاکرات کی وکالت کی۔ ناگپور میں آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹرس کا انہوں نے دورہ کرتے ہوئے اس تنظیم میں شامل ہونے والے نئے کارکنوں سے خطاب کیا۔ ان کے دورہ کے خلاف کانگریس کے بعض قائدین اور اُن کی دُختر شرمشتا مکرجی نے بھی شدید تنقید کی ہے۔ 82 سالہ پرنب مکرجی نے خبردار کیا کہ ہندوستان کو صرف مذہب کے حدود میں ہی قید کرکے رکھ دیا گیا تو اس کی قومی شناخت ختم ہوجائے گی۔ عدم رواداری اور نفرت پر مبنی ماحول باعث تشویش ہے اور یہ ماحول ملک کی موجودہ شناخت کو نہ کمزور کردے گا بلکہ ختم کردے گا۔ انہوں نے ہندوستان کو کثیرالوجود اور رواداری کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم پرستی صرف ہندوؤں، مسلمانوں، سکھوں کے گروپس کے نظریات سے ہی واضح ہوگی۔ ہندوستان میں ان طبقات کا وجود ہی اس کی اصل شناخت ہے۔ انہوں نے عوام کو خوف اور تشدد کے ماحول سے باہر لانے کی اپیل کی۔ ہر وقت ہمارے ملک میں خواتین اور بچے زخموں سے لہولہون ہورہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی سرزمین ہند بھی زخمی ہورہی ہے۔ روایتی دھوتی، کرتہ اور کالے ویسٹ کوٹ زیب تن کئے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ عوام اس ملک کی تمام سرگرمیوں کا مرکز ہوتے ہیں، ان کے اندر پھوٹ ڈال کر آگے بڑھا نہیں جاسکتا۔ غربت، امراض اور پچھڑے پن کے خلاف ٹھوس جنگ کرنا ہی ملک کا مقصد ہونا چاہئے۔ اس کے بعد ہی ہم ایک قوم کی تعمیر کرسکتے ہیں اور اسی قوم کے ذریعہ قوم پرستی کا جذبہ ازخود اجاگر ہوگا۔ ہمارے دستور کی روح سے ہی قوم پرستی کا جذبہ ہوتا ہے۔ ہندوستانی قوم پرستی نے دستوری حب الوطنی کی تعمیر کی ہے۔ پرنب مکرجی نے آج آر ایس ایس کے بانی کیشو بلرام ہیڈگوار کو ہندوستان کے عظیم سپوت قرار دیتے ہوئے انہیں خراج پیش کیا ۔ پرنب مکرجی کل آر ایس ایس ہیڈکوارٹر پہونچے اور آر ایس ایس کے بانی سرسنچالک کے جائے پیدائش پہنچ کر خراج پیش کیا ۔ انہوں نے اپنی تقریر سے قبل وزیٹرس بک میں لکھا کہ ’’آج میں یہاں ہندوستان کے عظیم سپوت ہیڈگوار کو خراج پیش کرنے کیلئے آیا ہوں ۔ اس موقع پر سبھاش چندر بوس کے ارکان خاندان بھی موجود تھے جنہیں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ۔ پرنب مکرجی کا صدر آر ایس ایس موہن بھاگوت نے خیرمقدم کیا ۔