پاکستانی در اندازوں کے حملہ میں تین سپاہی ہلاک

کلگام میں انکاونٹر تین عسکریت پسند مارے گئے ۔ دھماکو مادہ پھٹ پڑنے سے سات عام شہریوں کی موت

جموں 21 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہندوستانی فوجی پٹرولنگ ٹیم پر پاکستان سے گھس آنے والے انتہائی مسلح حملہ آوروں کے گروپ نے گھات لگاکر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں تین سپاہی ہلاک ہوگئے جبکہ چوتھا زخمی ہوگیا ۔ یہ واقعہ اتوار کو جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں پیش آیا ۔ لائین آف کنٹرول کے قریب یہ کارروائی دن میں 1.45 بجے کی گئی ۔ ایک سینئر فوجی عہدیدار نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی بارڈر ایکشن ٹیم نے گھات لگاکر یہ کارروائی کی تھی اور وہ ہندوستانی حدود میں گھس آئی تھی ۔ آفیسر نے کہا کہ در انداز ہماری سرحد میں گھس آئے تھے اور ہماری پٹرول ٹیم پر اس نے حملہ کردے ۔ ہمارے سپاہیوں نے فوری اپنے ٹھکانے سنبھالے اور دو بارڈر ایکشن ٹیم کے ارکان کو ہلاک کردیا ۔ بارڈر ایکشن ٹیم میں پاکستانی فوج کے باقاعدہ سپاہی اور دہشت گرد شامل ہوتے ہیں تاکہ سرحد پار کارروائیاں کی جاسکیں تاکہ لائین آف کنٹرول پر اپنا دبدبہ رکھ سکیں اور ہندوستانی فوج یا نیم فوجی دستوں کو نقصان پہونچا سکیں۔ پاکستانی فوج کی خصوصی سروسیس گروپ کی جانب سے یہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ہندوستانی سرحد میں گھس کر کئی واقعات میں ملوث ہوئی ہے ۔ ایسی کارروائیوں کو اکثر و بیشتر پاکستانی ٹھکانوں سے فائرنگ کرتے ہوئے مدد دی جاتی ہے ۔ جن تین سپاہیوں کی اس کارروائی میں موت ہوئی ہے ان وہ جموں و کشمیر کے ساکن تھے اور ان کی حوالدار کوشل کمار ( نوشیرہ ) لانس نائک رنجیت سنگھ ( ڈوڈا ) اور رائفل مین رجت کمار باسن ( پالن والا ) کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ چوتھا سپاہی زخمی ہوا ہے جس کی شناخت رائفل مین راکیش کمار ( سامبا ) کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ جموں میں دفاعی ترجمان لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے سندربنی سیکٹر میں انتہائی مسلح پاکستانی در اندازوں کے ساتھ انکاونٹر کیا جو لائین آف کنٹرول سے بہت قریب تھا ۔ ہندوستانی پٹرولنگ پارٹی نے دو در اندازوں کو ہلاک کردیا اور ان کے قبضے سے جنگی ساز و سامان جیسے اے کے 47 رائفلیں وغیرہ ضبط کرلئے ۔ لیفٹننٹ کرنل آنند نے کہا کہ دوسرے ہندوستانی ٹھکانوں نے بھی کارروائی کی اور سارے علاقہ کی موثر ناکہ بندی کی ۔ اس دوران سرینگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آج کلگام ضلع میں سکیوریٹی فورسیس نے جئیش محمد کے تین عسکریت پسندوں کو ایک انکاونٹر میں گولی مار کر ہلاک کردیا اور ان کے پاس سے ضبط شدہ دھماکو مادہ پھٹ پڑنے کے نتیجہ میں سات عام شہری ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ واقعہ کلگام ضلع کے لارو گاوں میں پیش آیا ۔ یہ جنوبی کشمیر کا انتہائی متاثرہ علاقہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آج اتوار کی صبح سکیوریٹی فورسیس جب یہاں تلاشی مہم کر رہی تھیں کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کا پتہ چلا ۔ انہیں بارہا ہتھیار ڈال دینے کو کہا گیا اس کی بجائے انہوں نے فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ میں جئیش محمد کے تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ سکیوریٹی فورسیس کو وہاں سے دھماکو مادہ ملا ۔ مقامی افراد نے فورسیس پر سنگباری کی ۔ سکیوریٹی فورسیس کی کارروائی کے دوران دھماکو مادہ پھٹ پڑا جس کے نتیجہ میں سات عام شہری بھی ہلاک ہوگئے ۔