ملک میں ایمرجنسی کے دنوں سے بدتر حالات : یشونت سنہا

لکھنو میں اکھلیش یادو کی بھی موجودگی میں شتروگھن سنہا نے حکومت کو رافیل معاملت پر نشانہ بنایا
لکھنو ، 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج ملک کی موجودہ صورتحال کو ’’ایمرجنسی کے دنوں سے ابتر‘‘ قرار دیا۔ لوک نائک جئے پرکاش نرائن کے یوم پیدائش کے موقع پر یہاں سماج وادی پارٹی آفس میں اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے یشونت نے کہا کہ آج ملک کے حالات ایمرجنسی کے دنوں سے بدتر ہیں۔ اور یہ ہم تمام پر فرض ہے کہ متحد ہوکر اس چیلنج سے لڑیں۔ ہمیں ہماری جدوجہد جاری رکھنا پڑے گا۔ انھوں نے زور دیا کہ جمہوریت کے اُصول، جمہویت کے ادارے اور خود جمہوریت خطرے میں ہیں۔ ’’میں یہ تمام تر سنجیدگی کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ہم نہیں جاگے تو آنے والے دنوں میں ملک کا بہت زیادہ نقصان ہوگا۔ انھوں نے اعتماد بھی ظاہر کیا کہ اگر اپوزیشن کا اتحاد 2019ء لوک سبھا انتخابات سے قبل قائم ہوجائے جیسا کہ 1977ء میں ہوا تھا، تب ’’ہم چناؤ جیت جائیں گے‘‘۔ سابق مرکزی وزیر نے مرکز پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں صرف وزیراعظم ہی تمام اہل اشخاص میں مقدم ہیں۔ رافیل معاملت پر دستخط ہوگئی لیکن وزیر دفاع کو نہیں معلوم تھا کہ ایسا ہونے والا ہے۔ اس موقع پر ناراض بی جے پی ایم پی شتروگھن سنہا نے بھی رافیل معاملت کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ عوام کو اس بارے میں حکومت سے جوابات مطلوب ہیں اور سوالات کو نظرانداز کردینے سے کام نہیں چلے گا۔ تقریب سے صدر ایس پی اکھلیش نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ جئے پرکاش نرائن نے ’سمپورنا کرانتی‘ (کامل انقلاب) کی واضح اپیل کی تھی۔