فرقہ پرست ملک کو تباہی کی طرف ڈھکیلنے کی کوشش: مولانا سیدمحمود مدنی

شاہجہاں پور: گاندھی بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ آل انڈیا پیام انسانیت فورم کے مذاکراتی پروگرام میں بطور مہمان خصوصی جمعےۃالعلماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا سید محمود مدنی نے کہا کہ آج پیام انسانیت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔

ملک میں امن و امان ، بھائی چارہ ،اخوت و محبت کے پیغام کو عام کرنے سے ہی ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں نفرت بانٹنے کا کام ہورہا ہے جسے روکنا سبھی دانشوروں کا ملی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

آج جس طرح کی ملک میں سیاست ہورہی ہے اس سے اخلاقی قدروں کا زوال ہورہا ہے ۔محمودمدنی نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے ہندوستان سے اچھی جگہ کہیں نہیں ہے۔ہم سب کو مل کر اس چمن کو خوبصورت بنا نا ہے۔ملک کے یہ جو حالات ہیں ان سے قطعی مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ ملک ہمارے لئے جنم بھومی ہے۔مولانا محمود مدنی نے حضرت علی میاں ندوی کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہمیں یہ فکر دی ہے کہ لوگوں کو انسانیت کے نام پر بلایاجائے ۔او رپیام انسانیت دیا جائے۔آج اس فکر کو ملک اور معاشرہ میں لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج مذہب کا استعمال انسان اور انسانیت کو بانٹنے کے لئے کیا جارہا ہے۔