عوامی نمائندوں کو کالے دھن اور کرپشن کی تائید نہیں کرنی چاہئے

وزیراعظم کی تقریر ، بال ٹھاکرے تنسیخ کی تائید کرتے ، اُدھو ۔ مودی بات چیت
نئی دہلی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنے سیاسی حریفوں کو بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے سلسلے میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ یہ بدبختانہ ہے کہ عوامی نمائندے علی الاعلان کرپشن اور کالے دھن کی تائید کررہے ہیں۔ عوامی زندگی کی اقدار ختم ہوتی جارہی ہے۔ عوامی نمائندے کرپشن اور کالے دھن کی تائید میں تقریریں کررہے ہیں اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں۔ اقدار کا خاتمہ کسی بھی ملک کا سب سے بڑا بحران ہوتا ہے۔ وہ پارٹی کے آنجہانی نامور قائد کیدار ناتھ ساہنی کی یاد میں تحریر کردہ کتاب کی رسم اجراء تقریب میں تقریر کررہے تھے۔ کیدار ناتھ ساہنی پہلے جن سنگھ اور بعد میں بی جے پی کے نامور قائد رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء شیوسینا ارکان پارلیمان پر مشتمل وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور کہا کہ بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ سے صورتِ حال پریشان کن ہوچکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوآپریٹیو بینکوں، کریڈٹ سوسائٹیوں اور ضلعی بینکوں کو 500 اور 1000 روپئے نوٹوں کی تبدیلی کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ صورتِ حال پر قابو پایا جاسکے۔ دریں اثناء صدر شیوسینا اُدھو ٹھاکرے سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اگر بال ٹھاکرے زندہ ہوتے تو وہ اُن کے اقدام کی تائید کرتے۔ مودی نے کہا کہ شیوسینا ارکان پارلیمان نے نئی دہلی میں اُن سے ملاقات کرکے اُن پر زور دیا ہے کہ کوآپریٹیو بینکوں اور کریڈٹ سوسائٹیوں اور ضلعی بینکوں کو 500 اور 1000 روپئے کے نوٹوں کی تبدیلی کی اجازت دینی چاہئے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم ، شیوسینا کے بانی آنجہانی ٹھاکرے کی دل سے عزت کرتے ہیں۔