روہنگیا مسلمانوں کی مشکلات میں اضافہ : محفوظ مقام خالی کردینے کا حکم

ینگون : میانمار فوج نے دوبارہ لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات شروع کردئے جس کے باعث بفر زون میں مقیم پناہ گزینوں میں سخت تشویش پھیل گئی ہے ۔میانمار سکیوریٹی فورسز نے بنگلہ دیش او رمیانمار کے درمیان ساحلی پٹی پر پناہ گزین روہنگیا مسلمانوں کو فوری جگہ خالی کرنے کا حکم دے دیا ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارہ ایف پی کے مطابق پناہ گزینوں نے بتایا کہ میانمار فوج نے دبارہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ اعلانات کرناشروع کردئے ۔

میانمار فوج کی قتل و غارت سے بچ کر ۶؍ ہزار پناہ گزین بنگلہ دیش او رمیانمار کے درمیان ساحلی پٹی پر آباد ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریبا ۷؍ لاکھ روہنگیا مسلمان میانمار فوج کے ظلم و ستم سے بچنے کے لئے بنگلہ دیش جانے پر مجبور ہوگئے ۔

محمد عارف نامی ایک شخص نے کہا کہ میانمار فوج نے گزشتہ روز متعدد مرتبہ اعلان کیا اوراگلی صبح بھی اسی پیغام کو دہرایا جس کی وجہ سے کیمپ میں افراتفری پھیل گئی او رلوگ بہت پریشان ہیں ۔میانمار فوج کی طرف سے جاری اعلانات میں کہا گیا کہ میانمار کا یہ علاقہ فوری خالی کردو ورنہ مقدمہ کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوجاؤ ۔