رعیتو بندھو اسکیم کے چیکس 2 جون تک تقسیم کردینے کی ہدایت

عہدیدار اسکیم کو صد فیصد کامیاب بنائیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا وزرا اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد 22 مئی ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے 2 جون سے قبل ہر ایک کسان کو پٹہ دار پاس بکس اور رعیتو بندھو اسکیم کے تحت سرمایہ کاری کے چیکس پہونچا دینے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں رعیتو بندھو اسکیم اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی ، چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کے علاوہ مختلف محکمہ جات زراعت ، فینانس ، مال و دیگر محکمہ جات کے عہدیدار اور عوامی منتخب نمائندے بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ سرمایہ کاری چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کو ملک کی منفرد اور مثالی اسکیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی پروگرام کیلئے اتنا ردعمل حاصل نہیں ہوا جو رعیتو بندھو اسکیم کے لیے وصول ہورہا ہے ۔ گاؤں میں ہر طرف تہوار کا منظر ہے اور کسانوں کے چہروں پر خوشحالی ہے ۔ کے سی آر نے اس پروگرام کو صد فیصد کامیاب بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرامس کا اہتمام کرتے ہوئے کسانوں میں سرمایہ کاری اسکیم کے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس تقسیم کئے جارہے ہیں اگر کسی کسان کو نہیں ملے تو وہ متعلقہ تحصیلدار آفس کو پہونچکر وہاں سے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس حاصل کرسکتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ انہیں اطلاعات ملی ہے کہ چند مقامات پر کسانوں کو پٹہ دار پاس بکس اور چند مقامات پر سرمایہ کاری کے چیکس کسانوں کو نہیں ملے ہیں اس سے کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تمام مسائل کو حل کرتے ہوئے 2 جون سے قبل ہر ایک کسان کو چیکس اور پٹہ پاس بکس تقسیم کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2 جون سے نئی رجسٹریشن پالیسی پر عمل آوری ہورہی ہے ۔ لہذا اس سے قبل ہر حال میں تمام کسانوں میں چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بغیر کسی دشواری اور دوڑ دھوپ کے یہاں تک کہ ایک روپیہ خرچ کئے بغیر اراضی کے ریکارڈ کو درست کیا گیا ۔ ساتھ ہی نئے پٹہ پاس بکس اور چیکس کی تقسیم سے کسانوں میں مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔