دلویر بھنڈاری بین الاقوامی عدالت کے جج منتخب

جنرل اسمبلی کے 183 ارکان کی تائید ، برطانیہ 70 سال میں پہلی مرتبہ عدالت سے باہر
اقوام متحدہ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے دلویر بھنڈاری کو اقوام متحدہ کے دوتہائی سے زائد ارکان کی تائید سے آج بین الاقوامی عدالت انصاف کیلئے منتخب کرلیا گیا۔ عالمی عدالت کے اس منصب کے لئے سخت مقابلے میں پیدا شدہ ڈرامائی صورتحال کے درمیان برطانیہ کو نوشتہ ٔ دیوار پڑھتے ہوئے اپنا امیدوار دستبردار کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ ہمہ رُخی مقابلہ میں ہندوستان کو ملنے والی ایک سب سے بڑی سفارتی فتح میں بھنڈاری کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 193 کے منجملہ 183 ووٹ حاصل ہوئے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز پر بیک وقت منعقدہ الگ الگ انتخابات دی ہیگ میں واقع بین الاقوامی عدالت انصاف کے اس مخلوعہ عہدہ کو پُر کرنے کیلئے منعقدہ رائے دہی میں سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے بھی بھنڈاری کے حق میں ووٹ دیا۔ مقررہ رائے دہی سے نصف گھنٹہ قبل برطانیہ نے اپنے امیدوار کرسٹوفر گرین ووڈ کو مقابلہ سے دستبردار کروالیا جس کے بعد 70 سالہ بھنڈاری کو اس عالمی عدالت کی 9 سالہ میعاد کے لئے دوسری مرتبہ منتخب کرلیا گیا۔ مبصرین کے مطابق بھنڈاری کی جہت نے بڑی طاقتوں کو دُنیا میں بدلتی ہواؤں کے بارے میں ایک طاقتور پیغام دے دیا ہے اور اس نکتہ کو بھی واضح طور پر اُجاگر کردیا ہے کہ ہندوستان ایک اُبھرتی ہوئی طاقت ہے۔

دلویر بھنڈاری کو صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کی مبارکباد
نئی دہلی، 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے دلبیر بھنڈاری مسلسل دوسری بار بین الاقوامی کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے ) میں جج منتخب کئے گئے ہیں۔صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس تقرری پرانہیں مبارک باد دی ہے ۔مسٹر کووند نے اپنے مبارک بادی پیغام میں کہا-” آئی سی جے میں دوبارہ منتخب ہونے پر دلبیر بھنڈاری کو مبارکباد۔ یہ ہندوستان کی سفارت کاری کی سنگ میل ہے ”۔وزیر اعظم نے مسٹر بھنڈاری کے منتخب کئے جانے پر وزیر خارجہ سشما سوراج ، وزارت خارجہ کے سفارتی مشن کو ان کی کوششوں کے لئے مبارک باد دی ہے ۔مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا-” میں جسٹس دلبیر بھنڈاری کو بین الاقوامی عدالت میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں۔وزیر خارجہ مسز سشما سوراج، وزارت خارجہ اور سفارتی مشن اور ان کی پوری ٹیم کو ان کی انتھک کوششوں پر مبارک باد دیتاہوں، جس کی وجہ سے بین الاقوامی عدالت میں ہندوستان کے جج کادوبارہ انتخاب ہوسکا۔ ہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،جنہوں نے ہندوستان کے تئیں اپنی حمایت اور اعتمادکا اظہار کیا ہے ”۔