خشوگی قتل ‘ منگل تک تفصیلی رپورٹ منظر عام پر آئیگی

صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان ۔ تحقیقات پر سی آئی اے سربراہ سے بات چیت
واشنگٹن 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے صحافی جمال خشوگی کے قتل کے سلسلہ میں سی آئی اے کی جو تحقیقات سامنے آئی ہیں ان پر سی آئی اے سربراہ سے بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر ایک مکمل رپورٹ منگل تک سامنے آجائیگی ۔ یہ اطلاعات ہیں کہ سی آئی اے نے اپنی رپورٹ میں سعودی عرب کے طاقتور ولیعہد محمد بن سلمان کو خشوگی کے قتل کیلئے ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ 59 سالہ خشوگی کی موت سے بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کے خلاف برہمی کی لہر دیکھی گئی تھی ۔ کیلیفورنیا میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئیٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے سی آئی اے کے ڈائرکٹر جینا ہاسپل سے بات چیت کی ہے جو اس کیس کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ انتہائی خوفناک بات ہے ۔ صحافی کا قتل ہوا ہے ۔ یہ قتل نہیں ہونا چاہئے تھا ۔ اس سوال پر کہ سی آئی اے کی تحقیقات میں ولیعہد کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے ٹرمپ نے کہا کہ ابھی تک سی آئی اے نے کسی کو ماخوذ نہیں کیا ہے ۔ یہ بہت جلد بازی ہوگی ۔ جو رپورٹ آئی ہے وہ ابتدائی نوعیت کی ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ بہت جلد ہمارے پاس ایک مکمل تفصیلی رپورٹ ہوگی ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ رپورٹ پیر کو یا منگل کو سامنے آئے ۔ انہوں نے پھر کہا کہ پورے یقین سے یہ رپورٹ منگل تک سامنے آجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میںان سب باتوں کا جائزہ ہوگا کہ کس کی وجہ سے یہ قتل ہوا ہے اور یہ کام کس نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درمیان میں جو وقت ہے ہم اس پر کام کر رہے ہیں ۔ جو حقائق ہم جانتے ہیں کہ ان پر غور کیا جارہا ہے ۔ جو لوگ اس کے ذمہ دار ہوسکتے ہیں ان کے تعلق سے سختی سے نمٹا جا رہا ہے ۔ جمال خشوگی واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس تھے اور وہ 2 اکٹوبر کو استنبول میں سعودی سفارتخانہ میں داخل ہوئے تھے اور پھر باہر نہیںآئے ۔ بعد میں انکشاف ہوا ہے کہ وہاں ان کا قتل کردیا گیا اور ان کی نعش کو ٹھکانے لگادیا گیا ۔ سعودی عرب نے اس قتل کے سلسلہ میں پہلے تو اپنے کسی رول یا اسے علم ہونے کا انکار کیاتھا تاہم بعد میں اس نے سفارتخانہ میں پیش آئے واقعات کی تفصیل پیش کی اور قونصل خانہ میں اس کے قتل کا اعتراف کیا تھا ۔