حلیف یوروپین ممالک کو ٹرمپ کا انتباہ

واشنگٹن ۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ناٹو دفاعی اخراجات کی عدم پابجائی پر اپنے یوروپی حلیف ممالک پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بجائے اس کے یہ ممالک روسی گیس کی سربراہی کیلئے روس پر منحصر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ناٹو کی اہمیت پر سوال اٹھایا اور جرمنی پر الزام لگایا کہ وہ روس کا اسیر ہوکر رہ گیا ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ روس اور جرمنی کے درمیان گیس پائپ لائن معاملت پر وہ کوئی اقدام اٹھائیں گے کیونکہ اس معاملات کی وجہ سے تین بلین ڈالرز جرمنی کے ذریعہ سے روس تک پہنچ رہے ہیں۔ بروسلز میں ناٹو کی میٹنگ کے بعد ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ روس کا پائپ لائن ڈالر ان کیلئے ناقابل قبول ہے۔ ان کے اس تبصرے کے بعد امریکہ میں اور ان کے یوروپین حلیف ممالک میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے اور ان کا بیان ہیکہ جرمنی اپنی گیس انرجی کیلئے روس پر بہت زیادہ منحصر ہوکر رہ گیا ہے اور کہا کہ جب جرمنی روس کو کئی بلین ڈالرز صرف گیس کیلئے ادا کررہا ہے تو پھر ناٹو کا کیا ہوگا؟ 29 ممالک میں سے صرف پانچ ممالک نے ہی اپنا وعدہ وفا کیا ہے اور امریکہ ان ممالک کی حفاظت کررہا ہے جس کی بدولت اس کی تجارت کو کئی بلین ڈالرز کا خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے اور انہوں نے زور دیکر کہا کہ یہ ممالک فوراً سے اپنے جی ڈی پی کا دو فیصد ادا کرے نہ کہ 2025ء میں۔ میرے گذشتہ سال کے دورہ کے بعد سے ناٹو ممالک کئی ملین ڈالرز اضافی خرچ کررہے ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہے اور ٹرمپ نے کل کہا کہ یوروپین سرحدیں ہمارے تحفظ میں ہیں۔ اپنی مجوزہ 16 جولائی کی صدر پوٹن سے ملاقات سے قبل ہی ٹرمپ پر اس بیان کے ضمن میں سخت تنقیدیں کی جارہی ہیں۔