اقتدار سے محرومی کا خوف ، کے سی آر پوجا پاٹ میں مصروف

حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : صدر ٹی آر ایس اور نگرانکار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اقتدار سے محرومی کا خوف ستا رہا ہے ۔ کانگریس ، تلگو دیشم اتحاد کی لہر کو دیکھتے ہوئے کے سی آر میں قبل از وقت ہی شکست کا خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ قبل از وقت انتخابات کروانے کے لیے اسمبلی تحلیل کرنے والے چیف منسٹر کو اب دوبارہ چیف منسٹر بننے کی خواہش کو دھکہ لگنے کا اندیشہ ہے ۔ اس لیے وہ پوجا پاٹ میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ انتخابات میں کامیابی کے لیے دو مقدس یگنہ بھی کروانا چاہتے ہیں ۔ کے سی آر کو یقین ہے کہ یگنہ کروانے سے ان پر چھائی ہوئی نحوست دور ہوجائے گی ۔ اور ان کی پارٹی کو انتخابات میں شاندار کامیابی ملے گی ۔ قبل ازیں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 119 رکنی اسمبلی میں ٹی ار ایس کو 100 نشستیں ملیں گی لیکن اب وہ سادہ اکثریت بی حاصل ہوجائے تو غنیمت سمجھ رہے ہیں ۔ اس کے لیے پوجا پاٹ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کے تاریک ہونے سے بچنے کے لیے مذہبی رسومات کا سہارا لے رہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ راجہ شیاملا یگم میں حصہ لیں گے ۔ اور اس کے بعد وہ چنڈی ساہیتا اور اہومم بھی کروائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹی آر ایس سربراہ نے دو یگنہ کروانے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس سے پہلے بھی اپنے ایرویلی فارم ہاوز پر یگنہ کروایا ہے ۔ اس فارم ہاوز پر تقریبا 120 یگنہ کروائے جاچکے ہیں ۔۔