شیشہ و تیشہ

انور مسعود
ضرورت ہے…!
ہمیں ایسے پڑھے لکھے ملازم کی ضرورت ہے
ورق گردانیِ پیہم سے جو ہر گز نہ تھکتا ہو
ہمیں درکار ہے اک مردِ صاحبِ جستجو ایسا
جو اخباروں کی خبروں کے بقیّے ڈھونڈ سکتا ہو
……………………………
امیر الا اسلام ہاشمی
جہاں میں تھا…!
حیا گرتی ہوئی دیوار تھی، کل شب جہاں میں تھا
نظر اُٹھنا بہت دشوار تھی کل شب جہاں میں تھا
جنہیں ساڑھی میں آنا تھا وہ پتلونوں میں آئیں تھیں
تمیز مرد و زن دشوار تھی کل شب جہاں میں تھا
نظر کے کوفتے رُخ کے پراٹھے وصل کے شربت
مکمل دعوت دیدار تھی، کل شب جہاں میں تھا
زلیخائیں بضد تھیں ایک یوسف کیلئے یارو
بڑی ہی گرمی بازار تھی کل شب جہاں میں تھا
پلس سیون کا چشمہ فٹ کئے تھے دیدہ ور سارے
نظر اپنی بھی نمبر دار تھی، کل شب جہاں میں تھا
تھرکنے ناچنے، ٹھمکے لگانے کے تھے سب ماہر
ثقافت برسر پیکار تھی کل شب جہاں میں تھا
کسی فرہاد کو حاجت نہ تھی تیشہ اُٹھانے کی
ہر اک شیریں بیاں تلوار تھی، کل شب جہاں میں تھا
………………………
فیس بک…!
٭ ایک لڑکی نے گٹر صاف کرنے والے (بلدیہ کے ملازم ) کو غور سے دیکھ کے پوچھا… ’’تمہاری شکل مجھے کچھ جانی پہچانی لگ رہی ہے‘‘۔
گٹر صاف کرنے والے نے شرما کے کہا ’’باجی ہم فیس بک پہ دوست ہیں‘‘۔
حبیب حذیفہ العیدروس ۔ جدہ
………………………
ہنسنا نہیں …!
٭ ایک خاتون نے اسپتال کو فون کیا کہ فوراً میرے گھر ایمبولینس بھیجیں۔
ڈاکٹر( اسپتال سے) : کیا ہوا بتائیں؟
خاتون: وہ میں دیوار میں کیل ٹھونک رہی تھی ہتھوڑی میرے انگوٹھے پر لگ گئی۔
ڈاکٹر : بس اتنی سی چوٹ کے لیے آپ کو ایمبولینس چاہیے…؟
خاتون: نہیں ایمبولینس تو مجھے میرے میاں کیلئے چاہیے ان کو ہنسنا نہیں چاہیے تھا…!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
خوش قسمت…!
٭ ’’آپ کی شادی اسی سال متوقع ہے‘‘۔ نجومی نے لڑکی سے کہا۔
لڑکی نے کہا : ’’ہاں میرے لئے میرے ماموں کے بیٹے کا بھی رشتہ ہے اور چچا کے بیٹے کا بھی۔ جانے کون خوش قسمت ہو گا!‘‘
’’ آپ کی شادی چچا کے بیٹے سے ہو گی اور ماموں کا بیٹا خوش قسمت ہو گا‘‘ نجومی نے انکشاف کیا۔
مرزا عثمان بیگ ۔ ممتاز باغ
………………………
تاج محل…!
٭ بیوی محبت سے بولی ’’اجی میرے لئے تاج محل بنوادیجئے نا ‘‘۔
شوہر نے محبت بھرے انداز سے جواب دیتے ہوئے کہا ’’زمین خریدلی ہے صرف تمہارے طرف سے دیر ی ہے !‘‘
………………………
آگ لگانے والی چیز…!
٭ ایک صاحب پٹرول پمپ پر پٹرول ڈلوانے گئے تو کیا دیکھا کہ سب لوگ اپنی اپنی بیوی کو گاڑی سے باہر اُتارکر اندر پٹرول ڈالونے جارہے ہیں ۔ وجہہ پوچھی تو بولے باہر بورڈ پر لکھا ہے کہ ’’آگ لگانے والی چیزوں کو یہاں نہ لائیں …!!‘‘
مظہر قادری۔ حیدرآباد
………………………
ختم ہوجائے …!
٭ ایک عورت دعا مانگ رہی تھی ۔ ’’یااﷲ ! میرے شوہر کی سب Tension ختم ہوجائے اور …‘‘
جب وہ دعاء مانگتے ہوئے اچانک رُک گئی تو پاس بیٹھے ہوئے شوہر نے پوچھا : ’’کیا ہوا ؟ تم دعا کرتے ہوئے رُک کیوں گئی ؟‘‘ ۔
بیوی : ’’میں آپ کی سب Tension ختم ہونے کی دعاء مانگ رہی تھی ، پھر اچانک خیال آیا کہ آپ کی سب سے بڑی Tension تو میں خود ہی ہوں ، کہیں میں ہی نہ ختم ہوجاؤں …!!
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
…………