48گھنٹوں میں عوامی فلاحی کام انجام دینا چاہتاہوں: کجریوال

نئی دہلی۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اروند کجرویل جو 2جنوری کو اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے، نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران عوام کے لئلے زیادہ سے زیادہ فلاح و بہبود کے کام مکمل کردینا چاہتے ہیں۔ پتہ نہیں آئندہ 48 گھنٹوں کے بعد ان کی حکومت باقی رہے یا نہ رہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے بارے میں کوئی بات یقین سے نہیں کہہ سکتا۔ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ ان کی حکومت باقی رہتی ہے یا اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے۔

ہم حکومت اس طرح چلارہے ہیں کہ ہمارے پاس صرف 48گھنٹوں کی مہلت ہو اور اس مدت کے دوران ہم عوام کے فلاحی کاموں کو زیادہ سے زیادہ انجام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ان کی صحت میں دوبارہ بہتری پیدا ہوجائے گی لیکن یہ اہم 48گھنٹے انہیں دوبارہ نہیں ملیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عام آدمی پارٹی ایم ایل اے ایم ایس دھیر دہلی اسمبلی اسپیکر کے امیدوار ہوں گے۔ کجریوال نے کہاکہ انہیں ہنوز یہ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ بی جے پی نے عبوری اسپیکر کا عہدہ قبول کیوں نہیں کیا جبکہ عام طور پر یہ عہدہ ایوان کے سب سے زیادہ سینئر رکن کو تفویض کیا جاتا ہے۔ اپنی اسی بات کو دہراتے ہوئے انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ بات ان کی سمجھ میں نہیں آئی لہذا آپ ہی بی جے پی سے پوچھ لیجئے۔

منموہن سنگھ مستعفی نہیں ہوں گے
نئی دہلی۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم منموہن سنگھ جمعہ کے روز پریس کانفرنس میں اپنے استعفی کا اعلان نہیں کریں گے جیسا کہ بعض اخبارات میں قیاس آرائیاں کی گئی تھیں۔ البتہ سینئر قائدین کا یہ کہنا ہے کہ منموہن سنگھ راہول گاندھی کو کانگریس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی راہ ہموار کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ حیرت انگیز ہے کہ منموہن سنگھ کی بحیثیت وزیر اعظم دوسری میعاد کے دوران جمعہ کے روز منعقد شدنی پریس کانفرنس اپنی نوعیت کی دوسری پریس کانفرنس ہوگی اور کانگریس کی اہم ریاستوں میں بشمول دلی شکست فاش کے تقریباً ایک ماہ بعد منعقد کی جارہی اس پریس کانفرنس کے ذریعہ شاید کچھ نئے انکشافات بھی سامنے آئیں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے ( جو اب صرف کچھ ماہ کی دوری پر ہیں ) منموہن سنگھ پریس کانفرنس کے ذریعہ راہول گاندھی کو کانگریس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کریں گے۔یاد رہے کہ کانگریس میں 43 سالہ راہول گاندھی اس وقت دوسرے مقام پر ہیں جبکہ پارٹی صدر کی حیثیت سے سونیا گاندھی اول نمبر پر فائز ہیں۔