457 ہندوستانی ،پاکستان کی جیلوں میں قید

اسلام آباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی مختلف جیلوں میں 457 ہندوستانی شہری قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں، جن میں 399 مچھیرے بھی شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ہندوستانی ہائی کمشنر کو فراہم کی گئی ایک فہرست میں یہ تفصیلات درج ہیں۔ دفترخارجہ نے دریں اثناء بتایا کہ ہندوپاک کے درمیان 21 مئی 2008ء کو سفارتی رسائی کے معاہدہ کے تحت قیدیوں کی فہرست فراہم کی جاتی ہے جو دونوں ممالک ایک دوسرے کو ایک سال میں دو بار فراہم کرتے ہیں یعنی یکم ؍ جنوری اور یکم ؍ جولائی کو۔ لہٰذا پاکستان نے 457 ہندوستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کی جن میں 58 سیول قیدی اور 399 مچھیرے ہیں۔ یہ فہرست اسلام آباد میں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔ علاوہ ازیں 8 جنوری کو پاکستان مزید 146 مچھیروں کو رہا کرے گا۔ ہندوستان بھی نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کو ہندوستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کرے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ہندوپاک کے مچھیرے اکثر و بیشتر ایک دوسرے کی آبی حدود میں غیرقانونی ماہی گیری کرنے پر گرفتار کئے جاتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہیکہ بحیرہ عرب میں واضح طور پر میرین بارڈر کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے اس کے علاوہ لکڑی کی کشتیوں میں وہ ٹیکنالوجی نہیں ہوتی جس کے تحت اسے روکا جاسکے اور وہ لہروں کے بہاؤ میں پاکستان یا ہندوستان کی آبی حدود میں داخل ہوجاتی ہیں۔