4326 سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات بہت جلد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کا اعلامیہ

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 15000 سرکاری ملازمتوں کی منظوری کے پیش نظر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جانب سے 4326 جائیدادوں پر براہ راست تقررات کئے جائیں گے ۔ اس کے پہلے اعلامیہ کی بہت جلد اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے جس نے تقررات کا عمل پہلے ہی شروع کردیا ہے ان دنوں متعلقہ محکمہ جات سے تفصیلی معلومات حاصل کرنے میں مصروف ہے تاکہ جائیدادوں کی تعداد کو قطعیت دی جاسکے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ یہ تفصیلات مخصوص محکمہ میں خالی جائیدادوں کی تعداد ، تحفظات کی پالیسی اور روسٹر پوائنٹس وغیرہ پر مشتمل ہیں ۔ حکومت نے سرکاری ملازمتوں پر تقررات کے لیے بالائی حد عمر میں 10 سال کا اضافہ کردیا ہے ۔ اس طرح روزگار کے حصول کے خواہش مند افراد سرکاری جائیدادوں پر تقررات سے متعلق امتحانات میں 34 سال کی بجائے 44 سال تک شرکت کرسکتے ہیں ۔۔