29سال بعد اندرا گاندھی کے قتل کو خودکشی قرار دینے سے عدالت کا انکار

احمد آباد۔/30جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات ہائی کورٹ نے 1986ء میں داخل کردہ ایک عرضی کو مسترد کردیا ہے جس میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے دو محافظوں کے ہاتھوں قتل کو اپنے فرزند راجیو گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کی راہ ہموار کرنے کیلئے منصوبہ بند خود کشی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔ اگرچیکہ یہ عرضی29سال قبل داخل کی گئی تھی لیکن پہلی مرتبہ کل سماعت کی گئی اور ہائی کورٹ نے فی الفور مسترد کردیا۔ درخواست گذار نے یہ استدعا کی تھی کہ اندراگاندھی کے قتل کو خودکشی قرار دیا جائے تاہم چیف جسٹس ایم وی شاہی کی زیر قیادت دورکنی بنچ نے یہ اعلان کرنے سے انکار کردیا اور درخواست کو مسترد کردیا۔ عرضی میں الزام عائد کیا ہے کہ ملک کیپہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اپنے فرزند راجیو گاندھی کو سیاسی وارث بنانے کیلئے اپنے ہی قتل کی سازش رچی تھی کیونکہ 1984کے عام انتخابات اندراگاندھی کی قربانی کے نام پر لڑے گئے تھے۔ ہائی کورٹ نے 29سال قبل داخل کردہ نونیت لال شاہ کی درخواست کو سماعت کے مرحلہ میں خارج کردیا۔