1996ء دھماکہ : ایک مجرم کو سزائے موت اور 6 کو عمر قید

ڈاوسہ ۔ 29 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) مقامی عدالت نے 18 سالہ قدیم بم دھماکہ مقدمہ میں آج 7 افراد کو مجرم قرار دیا اور انہیں سزاء سنائی گئی۔ اس دھماکہ میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ عدالت نے 7 کے منجملہ ایک کو سزائے موت اور مابقی کو سزائے عمر قید سنائی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بانڈیکوئی (ڈاوسہ) ارمیلا ورما نے کلیدی ملزم ڈاکٹر عبدالحامد کو سزائے موت اور مابقی 6 کو سزائے عمر قید کے ساتھ ساتھ فی کس ایک لاکھ روپئے جرمانہ کی سزاء سنائی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر وجئے تیواری کے مطابق مجرمین کو مختلف دفعات کے تحت یہ سزاء دی گئی۔ یہ دھماکہ 22 مئی 1996ء کو ڈاوسہ میں ایک سرکاری بس میں ہوا جو آگرہ سے بکانیر جارہی تھی۔ اس دھماکہ میں 14 مسافرین ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے تھے۔ آج جن مجرمین کو سزائے عمر قید سنائی گئی ان میں لطیف احمد، محمد غنی، جاوید جونیر، عبداللطیف، محمد علی بھٹ اور رئیس بیگا شامل ہیں۔ عدالت نے ایک ملزم فرخ کو بری کردیا۔