… : جیہ للیتا غیر محسوب اثاثہ معاملہ : …

استغاثہ کی تبدیلی، انبازگن کی اپیل پر 9 مارچ کو سماعت
نئی دہلی ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ڈی ایم کے لیڈر کے انبازگن کی داخل کردہ درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت کی آئندہ تاریخ 9 مارچ مقرر کی ہے جہاں انباز گن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں ٹاملناڈو کی سابق وزیر اعلی جیہ للیتا کی داخل کردہ اپیل پر التواء برقرار رکھنے کی خواہش کی تھی جو جیہ للیتا کی غیر محسوبہ اثاثہ جات کیس میں ان کی سزا سے متعلق تھا۔ اس موقع پر سماعت کی اگلی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے جسٹس پنکی چندرگھوش اور آر کے اگروال پر مشتمل ایک بنچ نے بتایا کہ اس نے اب تک اپیل کا مطالعہ نہیں کیا ہے اور اس طرح ہم اس اپیل پر دراصل کوئی تبصرہ نہیں کررہے ہیں ۔ بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کو آگے اس لئے بڑھایا ہے کیونکہ عدالت سے یہ معاملہ آج صبح ہی رجوع کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں اس معاملہ کو جسٹس ایم بی لوکر اور یویو للت پر مشتمل ایک بنچ سے رجوع کیا گیا تھا ۔ جب کہ صبح کے اوقات میں چیف جسٹس آف انڈیا ایچ ایل دتّو کی قیادت والی ایک بنچ پر پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں مطلع کیا گیا تھا کہ اس معاملہ کو کسی دیگر بنچ کو منتقل کیا جانا چاہئے کیوں کہ قبل ازیں ایک جج جیہ للیتا کی جانب سے حاضر ہوچکے ہیں ۔ اپنی اپیل میں مسٹر انباز گن نے پبلک پراسیکیوٹر کو ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ جہاں انہوں نے اس پر الزام لگایا تھا کہ اس معاملہ میں وہ غیر جانبدار نہیں ہیں ۔