’ ہمیں وزیر اعظم کی ضرورت ہے ‘ آدم خور کی نہیں ، بینی پرساد ورما

لکھنو ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام) : مرکزی وزیر فولاد بینی پرساد ورما نے آج کہا کہ ملک کو ایک وزیر اعظم کی ضرورت ہے ، آدم خور کی نہیں ۔ انہوں نے بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ ہمیں اچھے وزیر اعظم کی ضرورت ہے ، آدم خور کی نہیں ‘ انہوں نے دلت پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مودی کے کرتوتوں سے بخوبی واقف ہے ۔ بینی پرساد ورما نے اس سے پہلے مودی کا موازنہ ہٹلر سے کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ گجرات کے ڈکٹیٹر ہیں اور مسلمان ہٹلر کے خلاف بات کرنے کی ہمت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ متحد ہو کر سماج اور حکومت میں تبدیلی لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور اقلیتیں خاطر خواہ تعداد میں ہیں جو اپنی پسند کی پارٹی کو اقتدار دلا سکتی ہیں ۔ بینی پرساد ورما نے مظفر نگر فسادات اور سائیفائی مہاتسو کے لیے سماج وادی پارٹی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔

موت محلوں میں بھی ہوتی ہے
یو پی کے وزیر کا متنازعہ ریمارک
لکھنو ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اترپردیش کے وزیر نرد رائے نے مظفر نگر میں فسادات سے متاثرین کے ریلیف کیمپس میں اموات کے بارے میں یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا کہ اموات ہر جگہ ہوتی رہتی ہیں ۔ یہاں تک کہ محلات بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ بچوں ، بالغ افراد اور معمر افراد کے لیے موت ناگزیر ہے ۔ ان کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا جب کہ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو عدم سہولیات اور مسلسل اموات پر حکومت کی بے حسی پر ہر گوشہ سے تنقیدیں کی جارہی ہیں ۔ اکھیلش یادو حکومت نے اعتراف کیا کہ ریلیف کیمپوں میں 34 بچوں کی موت ہوئی۔