’ وزیر اعظم کی ہدایت کی تعمیل کی ‘

نئی دہلی ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے کہا کہ قبل از وقت سبکدوشی کی ان کی پیشکش وزیر اعظم کے دفتر نے مسترد کردی کیوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نہیں چاہتے تھے کہ مکتوب میں سبکدوشی کا تذکرہ کیا جائے ۔ سجاتا سنگھ جن کی میعاد میں حکومت نے اچانک تخفیف کردی ، بتایا کہ وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے 28 جنوری کی دوپہر انہیں مطلع کیا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ ایس جئے شنکر کو معتمد خارجہ مقرر کیا جائے ۔ سجاتا سنگھ نے بتایا کہ اسی شام انہوں نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ‘ وہ قبل از وقت سبکدوش ہونا چاہتی ہیں ۔ لیکن انہیں وزیر اعظم کے دفتر سے فون کال موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ وہ ’ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ‘ الفاظ کو حذف کردیں ۔ سابق معتمد خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ وہ اسے حذف نہیں کریں گی ۔ انہوں نے کرن تھاپر کو ’ ہیڈ لائنس ٹو ڈے ‘ میں بتایا کہ یہ سب وزیر اعظم کی ہدایت پر ہوا اور ایک اچھے عوامی خدمت گزار کی حیثیت سے انہوں نے ہدایت کی تعمیل کی ۔۔