’’ آل ازویل ‘‘ میں سمرتی ایرانی کی جگہ سپریا پاٹھک

ممبئی ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کی سیاسی مصروفیات کی وجہ سے اب انہوں نے مکمل طور پر اپنی نئی فلم ’’ آل از ویل ‘‘ سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے ۔ ان کے فلم کی کاسٹ سے ہٹ جانے کے بعد فلم کی بیشتر شوٹنگ دوبارہ کرنی پڑے گی ۔ خصوصی طور پر وہ مناظر جوانہوں نے رشی کپور کے ساتھ شوٹ کئے تھے۔ سمرتی ایرانی کے بعد دو ناموں پر غور کیا گیا تھا ۔ ایک تھیں شیفالی چھایا اور دوسری سپریا پھاٹک۔ شیفالی چھایا کے پاس چونکہ شوٹنگ کے لیے درکار تاریخیں نہیں تھیں لہٰذا انہوں نے معذرت کرلی ۔ لہٰذا اب قرعہ سپریا پاٹھک کے نام نکلا ہے جن کی ’’ رام لیلا ‘‘ میں اداکاری کی بے حد ستائش کی گئی تھی ۔ سپریا پاٹھک عرصہ دراز سے بالی ووڈ سے وابستہ ہیں جن کی ابتدائی فلموں میں ’ بازار ‘ نے کافی دھوم مچائی تھی ۔ جس میں ان کے ہیرو مرحوم فاروق شیخ تھے ۔ سپریا پاٹھک کی بہن رتنا پاٹھک بھی اسٹیج اور فلموں کی اچھی اداکارہ ہیں جو نصیر الدین شاہ کی بیوی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ سپریا پاٹھک اور رشی کپور کی جوڑی کو شائقین کس حد تک پسند کرتے ہیں ۔۔