’’پاکستان کے استحکام کیلئے حکومت اور فوج کو کام کرنا چاہئے ‘‘

اسلام آباد ۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے آج ملک کی طاقتور افواج اور سربراہ افواج جنرل راحیل شریف کی زبردست ستائش کرتے ہوئے ملک کو معاشی اور جمہوری طورپر طاقتور بنانے ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور یہ بھی کہا کہ دہشت گردی پر مکمل کنٹرول صرف سیویلین حکومت اور فوج کے تال میل کے ذریعہ ہی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ نواز شریف نے کہاکہ ملک کے معاشی اور جمہوری استحکام کے لئے پوری قوم کا ایک ساتھ مل کر کام کرنا ثمر آور ہوگا اور اس کی وجہ سے ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ بھی جیت سکتے ہیں۔ جب تک ایسا نہیں ہوگا ملک کے دفاعی نظام کو کارکرد یا مستحکم نہیں کیا جاسکتا ۔

نواز شریف ایبٹ آباد میں کاکُل ملٹری اکیڈمی میں خطاب کررہے تھے جہاں کچھ گھنٹہ قبل وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی ملک کی طاقتور افواج کی زبردست ستائش کی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ حکمراں جماعت کی جانب سے ملک کی فوج پر کچھ منفی ریمارکس کی وجہ سے فوج میں ناراضگی بھی پائی جاتی ہے۔ نواز شریف نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فوج کا جب بھی ذکر آتا ہے تو فوجیوں کی قربانی کا ذکر آنا بھی ضروری ہے ۔ اُن کی حب الوطنی ، پروفیشنلزم اور جفاکشی کی جتنی بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے اور یہ تمام خوبیاں جنرل راحیل شریف میں موجود ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ راحیل شریف شہید میجر شبیر شریف کے چھوٹے بھائی ہیںجن پر ملک کو ناز ہے ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی افواج کو مستحکم بنانے کیلئے تمام وسائل سربراہ کئے جارہے ہیں تاکہ ملک کے دفاع میں پاکستانی افواج کو کسی بھی تکنیکی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے بھی شرکت کی ۔