’’عمران خان اور طاہر القادری حصول اِقتدار کے خواہاں‘‘

ہائی ویکمب ۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جمعیت مشائخ پاکستان کے قائد اور دربار عالیہ حضوع محدث کبیر پاکستان فیصل آباد کے سجادہ نشین پیر محمد فضل حق نے کہاکہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے غیرسنجیدہ سیاست کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ طاہرالقادری اور عمران خان موجودہ نظام کو مفلوج کرکے آسان راستہ کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ گردنیں کاٹیں گے، انقلاب لائیں گے اور پھانسی دیں گے جیسے نعرے بغاوت ہیں۔ ایسے نعرے لگانے والوں کے خلاف حکومت قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ جمعیت مشائخ پاکستان پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ وہ سید ضمیر حسین شاہ کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ پیر محمد فضل حق نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں بعض سیاسی جماعتیں موجودہ نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ ایک طرف وہ آئین جمہوریت اور الیکشن کی بات کرتی ہیں تو دوسری طرف وہ آئین کے مطابق حکومت کو پانچ سال برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہیکہ یہ لوگ کس حد تک جمہوریت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 14 اگست کو پورے پاکستان کے عوام جشن آزادی کی تقریبات منائیں گے اور دنیا بھرمیں پاکستان کے پرچم لہرائیں جائیں گے۔ پیر محمد فضل حق نے غزہ کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔ غزہ میں لاکھوں فلسطینیوں پر کئی برسوں سے جاری اقتصادی محاصرہ اور ناکہ بندی کو فوراً ختم کیا جائے اور ایک علحدہ و آزاد فلسطینی مملکت کے وجود کو تسلیم کیا جائے۔

طاہر القادری کے حامیوں اور
سیکوریٹی فورس میں جھڑپ 8 ہلاک
لاہور ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام) : پاکستان میں علاقہ طاہر القادری کے حامیوں اور سیکوریٹی فورس کے درمیان آج زبردست جھڑپ ہوئی جس میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے ۔ صوبہ پنجاب میں احتجاجی مظاہروں میں 1000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔ کناڈا نژاد پاکستانی مذہبی لیڈر کی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ سیکوریٹی فورس نے طاہر القادری کے حامیوں پر طاقت کا استعمال کیا ۔ پاکستان عوامی تحریک پارٹی نے کہا کہ ایک خاتون کے بشمول پارٹی کے 8 ورکرس ہلاک ہوئے ہیں ۔۔