’’زندگی کے پہلے ایف آئی آر کا دن فراموش نہیں ہوگا‘‘

تروپتی ؍ نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی جن کے خلاف گجرات میں انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں مقدمہ درج کیا گیا، انہوں نے آج کہا کہ ان کی ساری زندگی میں کوئی ایف آئی آر ان کے خلاف درج نہیں کیا گیا تھا اور ادعا کیا کہ وہ اس دن کو کبھی فراموش نہیں کر پائیں گے۔ 63 سالہ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نے یہ بھی کہا کہ اس ایف آئی آر سے ظاہر ہوا کہ کانگریس کس قدر متزلزل ہیں اور یہ بھی کہا کہ اسے شکست ہورہی ہے اور وہ فکرمند ہیکہ ’’ایک شخص جو کبھی اپنی گزر بسرکیلئے چائے فروخت کیا‘‘ اسے چیلنج کررہا ہے۔ مودی نے یہاں انتخابی ریالی سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا

جو ایف آئی آر کا متقاضی ہوتا اور یہ کہ انہوں نے عوام کو محض کنول کا بیاج دکھایا۔ کنول بی جے پی کا انتخابی نشان ہے۔ دریں اثناء جہاں کانگریس نے مودی کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو سراہا وہیں بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی لیڈر نے انتخابی قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی کیونکہ وہ میڈیا سے بات کرتے وقت پولنگ بوتھ سے 100 میٹر کے ممنوعہ فاصلہ کے آگے تھے۔ وزیرقانون اور کانگریس لیڈر کپل سبل نے کہا کہ انہیں خوشی ہیکہ اس کیس میں کسی نے ایف آئی آر درج کیا ہے۔ اگر الیکشن کمیشن نا ہوتا تو مودی کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوتا۔ ’’میں ای سی کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ایک دستوری اور ادارہ جاتی اتھاریٹی نے ایف آئی آر درج رجسٹر کیا ہے‘‘۔ بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہا کہ بی جے پی تاہم الیکشن کمیشن اور اس کی جانب سے مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے جاری کردہ کوئی بھی ہدایت کا احترام کرتی ہے اور یہ معاملہ قانون کے تحت آگے بڑھے گا۔