’’راہول کی نامزدگی سے گریز شکست کا اعتراف‘‘

کانگریس نے مودی کا وزیر اعظم بننا قبول کرلیا،بی جے پی کا ردعمل
نئی دہلی 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر طنز کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ اس نے راہول گاندھی کواپنے وزارت عظمیٰ امیدوار کے طور پر نامزد کرنے سے محض اس لئے گریز کیا کیونکہ وہ لوک سبھا چناؤ میںہونے والی شکست سے بخوبی واقف ہیں۔ بی جے پی نے کہا کہ راہول کو کانگریس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کے نتیجہ میںنریندر مودی کے ساتھ تقابل شروع ہوجاتا، جن کے خلاف نائب صدر کانگریس کے پاس کوئی خوبی نہیں۔ صدر پارٹی راجناتھ سنگھ نے کہا کہ کانگریس کے فیصلہ سے اشارہ ملتا ہے کہ انہوں نے مودی کے وزیراعظم بننے کو قبول کرلیا ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ارون جیٹلی نے کہا کہ کانگریس کے فیصلہ سے ظاہر ہوگیا کہ اُس نے حقیقت تسلیم کرلی ہے۔

’’میرے خیال میں یہ (فیصلہ) حقیقت کو تسلیم کرلینا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ وہ حکومت بنانے والے نہیں۔ تو پھر وزارت عظمیٰ امیدوار کا اعلان کرنے کی ضرورت کیا ہے۔ میں سمجھتاہوں کہ کوئی بھی پارٹی جو اس قسم کا فیصلہ کرتی ہے وہ حقائق کا اندازہ کرچکی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اگر امیدوار نامزد بھی کرتی تو ملک کے اعلیٰ عہدہ کیلئے مودی کے ساتھ تقابل صفر ہی ہوتا۔راجیہ میں بی جے پی کے ڈپٹی لیڈر روی شنکر پرساد نے بھی کہا کہ کانگریس کو پتہ ہے کہ وہ شکست سے دوچار ہوگی۔