’’تیسری طاقت ‘‘کے خد و خال پر اجلاس، تیسرے محاذ کیلئے پیشرفت

نئی دہلی 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )چیف منسٹر بہار نتیش کمار اور بائیں بازو کی قیادت نے آج ناشتے پر ایک اجلاس منعقد کیاجس میں دیگر قائدین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی اتحاد تشکیل دینا تھا۔ یہ رسمی اجلاس جنتادل (سیکولر) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑہ کی قیام گاہ پر منعقد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی پارٹیوں کے قائدین جو حال ہی پارلیمنٹ میںمتحد ہوچکے ہیں ایک رسمی اجلاس منعقد کریں گے اور سرمائی اجلاس سے قبل ’’تیسری طاقت‘‘ کے ٹھوس خد و خال کا تعین کیا جائے گا۔ ناشتے پر اجلاس میں سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت،سی پی آئی کے نامور قائد اے بی بردھن اور فارورڈ بلاک کے جنرل سکریٹری دیبا برتا بسواس نے بھی شرکت کی۔ ذرائع کے بموجب ایک یا دو جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے تا کہ غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی طاقتوں کے آئندہ عام انتخابات سے قبل اتحاد کا پیغام دیا جاسکے اور منصوبوں کو ٹھوس شکل دی جاسکے جو 11 پارٹیوں کے قائدین کے اجلاس کے بعد ہی ممکن ہے۔ یہ ایک رسمی اجلاس تھا کیونکہ چیف منسٹر بہار قومی دارالحکومت میں تھے ۔ قائدین نے فیصلہ کیا کہ ناشتے پر ملاقات کی جائے۔ ایک غیر کانگریسی غیر بی جے پی تنظیم آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل تشکیل دینے کی حکمت عملی کا تعین کیا جائے ۔

تمام 11 سیاسی پارٹیوں کے جو 5 فبروری سے پہلے پارلیمنٹ میں مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کیلئے اجلاس منعقد کرچکے ہیںدہلی میں دوبارہ اجلاس کے انعقاد اور لائحہ عمل کی تیاری سے بھی اتفاق کیا گیا۔ جنتادل (سیکولر) کے سکریٹری جنرل دانش علی نے جو اجلاس میں شریک تھے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تیسرے محاذ کے ابھرنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ پانچ فبروری سے پہلے 11 سیاسی پارٹیوں نے عوام حامی ،مخالف فرقہ پرستی اور وفاقی ایجنڈہ کے ساتھ ایک بلاک قائم کیا تھا اور اب وہ اسی کو تیسرے محاذ کی شکل دینا چاہتے ہیں۔چار بائیں بازو کی پارٹیوں ،سماجوادی پارٹی،جے ڈی یو ،انا ڈی ایم کے ،اے جی پی ،جی وی ایم ،جی ڈی ایس اور آر جے ڈی قائدین کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا گیا تھا۔قائدین کے بموجب ناشتے پر اجلاس ایک رسمی اجلاس تھاتا کہ پارلیمنٹ اجلاس کے بعد دوبارہ اجلاس کے انعقاد کا پروگرام طئے کیا جائے ۔ پرکاش کرت نے کہا کہ قائدین نے تیسرے محاذ کی پیشرفت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیوں کہ نتیش کمار دہلی میں تھے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے ان سے راست بات چیت کی گئی ۔ تمام قائدین محاذ کی تجویز میں پیشرفت کے طریقوں پر غور کررہے ہیں۔ اس سوال پر کہ کیا ان کا یہ جلسہ عام بنگلور میں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے ،پرکاش کرت نے کہا کہ اس پر غور کیا جائے گا ۔ دیوے گوڑہ نے کہا کہ تمام 11 سیاسی پارٹیاں دہلی میں پارلیمنٹ کے اجلاس کے بعد اپنا ایک اجلاس منعقد کریں گی تا کہ مستقبل کے پروگرام کا تعین کیا جائے۔