’’اگر میرے پاس پیسے ہوتے تو ٹی آر ایس کا ٹکٹ خرید لیتا ‘‘:جگاریڈی

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر ( آئی این این ) سابق رکن اسمبلی جئے پرکاش ریڈی عرف جگا ریڈی نے حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخابات میں مقابلہ کیلئے بی جے پی ٹکٹ حاصل کرنے رقم ادا کرنے کے الزامات کی تردید کی ہے ۔ جگا ریڈی نے بی جے پی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرآبپاشی ہریش راؤ کی مذمت کی جنہوں نے ان پر بی جے پی کا ٹکٹ خریدنے کا الزام عائد کیا تھا ۔ جگاریڈی نے کہا کہ ’’ اگر میرے پاس پیسے ہوتے تو میں ٹی آر ایس کا ٹکٹ خرید لیتا تھا ‘‘ ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کتہ پربھاکر ریڈی نے جن کے پاس خطیر دولت ہے میدک کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ کیلئے بھاری رقم دے کر ٹی آر ایس کا ٹکٹ حاصل کیا ہے ۔ جگاریڈی نے انہیں متحدہ آندھرا پردیش کا حامی قرار دینے سے متعلق ٹی آر ایس کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ اگر ٹی آر ایس اس مسئلہ پر واقعی سنجیدہ ہے تو ایم آئی ایم سے دوستی کیوں کی جبکہ یہ جماعت ( مجلس) آندھراپردیش کی تقسیم کی مخالف تھی۔