’نئے طریقہ ‘ کے تحت لوک سبھا کانگریس امیدواروں کا قبل از وقت اعلان

کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کی پہل ۔ معمولی پارٹی ورکرس کو بھی ٹکٹ دینے کی وکالت ۔ عوام سے مشورہ کی صلاح
نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی نے آج اس بات پر زور دیا کہ لوک سبھا انتخابات کے ٹکٹس معمولی ورکرس کو اور پاک صاف امیج رکھنے والوں کو دئے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے ایک نئے طریقہ کار کا آغاز کیا جس کے تحت کانگریس امیدواروں کا قبل از وقت اعلان کردیا جائیگا ۔ ایک غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں قائم کردہ اسکریننگ کمیٹیوں کے صدور نشین کا ایک اجلاس طلب کیا تاکہ ایک ایسا عمل شروع کیا جاسکے جس میں عوام کی آواز سنائی دے سکے ۔

پارٹی ذرائع نے کہا کہ راہول گاندھی نے اجلاس میں شریک قائدین سے کہا کہ امیدواروں کو قطعیت دیتے ہوئے مقامی عوام کے خیالات کو بہت زیادہ اہمیت دی جانی چاہئے اور امیدواروں کے انتخاب میں معمولی ورکرس کو بھی ان کا حصہ ملنا چاہئے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ فیصلہ کر رہے ہیں کہ نئے انداز میں اور نئے طریقہ کار کے مطابق ٹکٹس دئے جائیں۔ اس پر تبادلہ خیال مختلف ریاستوں میں اور ہماری پارٹی میں طوے لوقت سے ہو رہا ہے ۔ ہم ایک رسمی ڈھانچہ کیساتھ یہ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی سطح پر تمام ٹکٹس کو قطعیت دینگے اور جہاں تک قطعی مہلت کی بات ہے یہ کام بہت جلد کیا جائیگا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے سیاسی عمل میں فیصلہ سازی معاملات میں عام آدمی کو اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے امیدواروں کے انتخاب کیلئے کچھ خطوط بھی بتادئے ہیں جیسے ان کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو اور ان کا مثبت سیاست کا ریکارڈ اور جیتنے کی صلاحیت ہو۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اسکریننگ کمیٹیوں کا کام کاج جاریہ ماہ کے آخری ہفتے تک شروع ہوجانا چاہئے تاکہ مرکزی الیکشن کمیٹیوں کے اجلاس آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے سے شروع ہوسکیں۔ چونکہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کے انتخاب کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک امیدواروں کے اعلان کے اشارے مل رہے ہیںایسے میں کانگریس نے بھی یہ عمل شروع کردیا ہے ۔ اب تک عموما کانگریس سب سے آخر میں اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتی رہی ہے ۔ امیدواروں کو تاخیر سے اعلان کی وجہ سے اپنی تیاریوں میں مشکلات پیش آتی تھیں جن سے راہول کو کئی پارٹی قائدین کی جانب سے واقف بھی کروایا گیا تھا ۔