’آپ‘ مدھیہ پردیش میں تیسری قوت بن سکتی ہے، الوک اگروال کا بیان

اندور ۔ 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نرمدا بچاؤ آندولن کے قائد الوک اگروال جنہیں ریاست میں حلقہ پارلیمان کھنڈوا سے عام آدمی پارٹی سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے، نے آج کہاکہ عام آدمی پارٹی کے مدھیہ پردیش میں تیسری قوت بن کر ابھرنے کا قوی امکان ہے۔ 46 سالہ قائد نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہو یا کانگریس دونوں جماعتیں لوک کھسوٹ کی سیاست پر عمل پیرا ہے اور ریاست کے عوام اس حقیقت سے اچھی طرح واقفیت رکھتے ہیں اور چونکہ یہاں کے رائے دہندے ایک بہتر متبادل کی طرف دیکھ رہے ہیں، اس لئے یہاں پر عام آدمی پارٹی کے تیسری قوت بن کر ابھرنے کا قوی امکان ہے۔ مسٹر اگروال جو کہ آئی آئی ٹی کانپور سے 1989ء میں کیمیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا تھا، کہا کہ عام آدمی پارٹی ریاست کے رائے دہندوں کو ایک مضبوط اور بہتر متبادل فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرمدا بچاؤ آندولن تحریک سے وابستہ تمام تنظیمیں عام آدمی پارٹی کی حمایت کررہے ہیں۔ انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے لوک سبھا الیکشن کے دوران جہاں صرف قومی مسائل جیسے بیروزگاری، افراط زر میں اضافہ جیسے مسائل اٹھائے جائیں گے، وہ اس موقع پر مقامی مسائل کا بھی احاطہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ نہ صرف کرپشن، غربت اور دیگر سلگتے موضوعات جیسے خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور قبائیلی افراد اور ریاست کے کسانوں کے مسائل کو بھی وہ زور و شور سے اٹھائیں گے۔ واضح رہیکہ نرمدا بچاؤ آندولن کے اس قائد کو کھنڈوا حلقہ پارلیمان سے نامزد کیا گیا ہے جوکہ پارٹی کی جانب سے گذشتہ روز جاری کئے گئے 20 لوک سبھا امیدوار کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس طرح الوک اگروال کھنڈوا سے مقابلہ کریں گے، جہاں سے موجودہ ریاستی کانگریس صدر پر سابق مرکزی وزیر ارون یادو کو نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ارون یادو حلقہ پارلیمان کھنڈوا کو فراموش کرچکے ہیں اور 2009ء میں یہاں سے کامیابی حاصل کرنے کے باوجود اس حلقہ کے اور اس علاقہ کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکے ہیں۔