۔7/11 دھماکے: مجرمین کو سزا کا آج اعلان

ممبئی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں تقریباً 9 سال قبل مضافاتی ٹرینوں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے ، جس کے نتیجہ میں تجارتی دارالحکومت دہل گیا اور 188 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ خصوصی عدالت امکان ہے کہ اس مقدمہ میں 12 مجرمین کو سزا کے تعین کا کل اعلان کرے گی ۔ خصوصی جج یاتین ڈی شنڈے نے سزا کے تعین پر مباحث کی سماعت گزشتہ ہفتہ مکمل کرلی۔ استغاثہ نے 12 ملزمین کے منجملہ 8 کو سزائے موت اور مابقی 4 کو سزائے عمر قید کا مطالبہ کیا۔ 23 ستمبر کو خصوصی مکوکا عدالت نے اس مقدمہ میں 30 ستمبر کو سزا کا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ قبل ازیں 11 ستمبر کو 13 ملزمین کے منجملہ عدالت نے 12 کو مجرم قرار دیا تھا ۔ ان تمام کے مبینہ طور پر ممنوعہ سیمی کے ساتھ روابط ہیں۔ ایک ملزم کو بری کردیا گیا تھا ۔ 12 ملزمین کو مجرم قرار دینے کے بعد جج شنڈے نے مقدمہ کے حالات میں تبدیلی کی غرض سے وکلائے دفاع کو عینی گواہان سے پوچھ تاچھ کی اجازت دی تھی ۔ چنانچہ 9 عینی گواہان سے وکلائے دفاع نے پوچھ تاچھ کی اور عدالت کو بتایا کہ ملزمین اصلاح کے دور سے گزر چکے ہیں اور انہیں سزائے موت نہیں دی جانی چاہئے ۔