۔50 ہزار روہنگیا مسلمانوں کی بنگلہ دیش میں آمد : حکومت

ڈھاکہ 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تقریبا 50,000 روہنگیا مسلمان میانمار سے بنگلہ دیش فرار ہوگئے ہیں۔ ڈھاکہ میں وزارت خارجہ نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ روہنگیا مسلمان میانمار میں فوج کی جانب سے مظالم سے بچنے یہاں پہونچے ہیں۔ بنگلہ دیش نے یہاں آنے والے پناہ گزینوں کی لہر کو روکنے کیلئے سرحدات پر پٹرولنگ میں اضافہ کردیا ہے جبکہ میانمار کی مغربی ریاست راکھینے میں بدامنی کی فضا پیدا ہوئی تھی ۔ وزارت خارجہ نے میانمار کے سفیر کو طلب کرتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں نسلی روہنگیا مسلمانوںکی بنگلہ دیش میں آمد پر احتجاج درج کروایا اور تشویش ظاہر کی ہے ۔ وزارت نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ ان کے اعداد و شمار کے مطابق 9 اکٹوبر 2016 کے بعد سے تقریبا 50 ہزار میانماری روہنگیا مسلمانوںنے بنگلہ دیش میں پناہ حاصل کی ہے ۔ میانمار کی ریاست راکھینے بنگلہ دیش کی سرحد پر ہے اور وہ یہاں مسلم اقلیتی گروپ روہنگیا کی اکثریت والا علاقہ ہے ۔ میانمار میں بدھسٹوں کی اکثریت ہے اور روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ۔ بنگلہ دیش نے مطالبہ کیا ہے کہ برما کے تمام شہری جو بنگلہ دیش میں کئی برسوں سے مقیم ہیں وہ بھی اپنے وطن واپس چلے جائیں۔ بنگلہ دیش میں ایک اندازہ کے مطابق تین لاکھ روہنگیا مسلمان رہتے ہیں اور ان میں اکثریت غیر قانونی تارکین وطن کی ہے ۔