۔5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ، 32 کروڑ روپئے ضبط

نئی دہلی ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : الیکشن کمیشن کی فلائنگ اسکواڈ اور نگران کار ٹیموں نے اسمبلی انتخابات والی 5 ریاستوں میں تقریبا 32 کروڑ روپئے غیر قانونی رقم ضبط کرلی ہے جب کہ سب سے زیادہ رقم 15-19 کروڑ روپئے تاملناڈو میں برآمد کرلی گئی ہیں ۔ علاوہ ازیں مغربی بنگال میں 5.45 کروڑ روپئے اور آسام میں 5-43 کروڑ کیرالا میں 5.27 کروڑ اور پڈوچیری میں 30 لاکھ روپئے ضبط کرلیے گئے ہیں ۔ جو کہ غیر قانونی طریقہ پر منتقل کی جارہی ہے ۔ یہ کارروائی الیکشن کمیشن کی خصوصی ٹیموں نے انجام دی ہے جس میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹس کے عہدیدار شامل ہیں ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے اب تک مذکورہ 5 ریاستوں میں 31.82 کرور روپئے قرق کرلیے گئے ہیں ۔ جب کہ ان ریاستوں میں اسمبلی انتخابات مختلف مرحلوں میں 4 اپریل تا 16 اپریل منعقد ہوں گے ۔

 

بی جے پی پر کانگریس حکومتیں بیدخل کرنے کا الزام : سونیا گاندھی
سواناتھ چاریالی۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے مودی حکومت کو اپنی سخت ترین تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ غیرجمہوری اور غیردستوری حربے اختیار کرتے ہوئے کانگریس کے زیراقتدار تمام ریاستی حکومتوں کی بیدخلی کی کوشش کررہی ہے۔ سونیا گاندھی نے آسام کے بسواناتھ چاریالی ٹاؤن میں اپنی پارٹی کے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ’’اروناچل (پردیش) اور اتراکھنڈ میں انہوں (بی جے پی) نے منتخبہ حکومتوں کو بیدخل کرنے کیلئے سب کچھ کیا اور وہ کانگریس کے زیراقتدار تمام ریاستوں میں یہی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ سونیا گاندھی نے مرکزی این ڈی اے حکومت پر غیرجمہوری اور غیردستوری انداز میں کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر ممکن ہو تو وہ (بی جے پی) آسام میں بھی ایسا ہی کرے گی اور یہاں کی حکومت کو بھی بیدخل کرے گی۔ وہ (بی جے پی) عوام کی دشمن اور آسام کی دشمن ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت ملک کے جمہوری ڈھانچہ اور دستور پر یقین نہیں رکھتی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ آسام کی ترقی کیلئے کانگریس کے ترون گوگوئی حکومت کئی اقدامات کرچکی ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ وہ غلط الزامات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔