۔4 تا 13 مئی فوج میں بھرتی کیلئے ریالی مقرر ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : زمانہ جدید میں جنگ بھی ہائی ٹیک انداز کی ہوگئی ہے ۔ جنگ اب محاذوں اور جنگ کے میدانوں میں کم کمپیوٹر پر زیادہ ہورہی ہے ۔ بیشتر ممالک کے درمیان جنگیں کمپیوٹر کے ذریعہ ہی ہورہے ہیں ۔ پیدل ہتھیار کندھے پر لیے جنگ کے میدان میں جنگ اور دشمن کا انتظار اب کتابی باتیں تصور کی جارہی ہیں ۔ زمینی جنگ کم اور ہوائی جنگ زیادہ ہوگئی ہے ۔ جدید طرز کے آلات و ہتھیار پہلے ہوائی جہاز کے ذریعہ زمین پر گرائے جاتے ہیں پھر فوج کو اتارا جاتا ہے ۔ جنگ میں پہلے جیسے جانی نقصانات یعنی فوج کی ہلاکت کم ہوجاتی ہے ۔ ایسے دور میں فوج میں بھرتی اور خدمات کی انجام دیہی ایک زرین موقع تصور کیا جاتا ہے اور ایسا موقعہ پھر ایک بار بے روزگار نوجوان کو دستک دے رہا ہے ۔ فوجی کو ملک میں ایک باوقار رتبہ حاصل ہے اور ہر شہری فوجی کا احترام کرتا ہے ۔ اب فوج کی تنخواہیں بھی زیادہ ہوگئی ہیں اور جنگ کے خطرات بھی ٹل گئے ہیں ۔ حب الوطنی ، وطن پرستی اور پروقار روزگار مسلم نوجوانوں کا استقبال کررہا ہے ۔ مسلم نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ 4 تا 13 مئی تک فوج میں بھرتی کے لیے منعقد شدنی ریالی سے استفادہ کریں اور اپنے فن و ہنر کے جوہر دکھا کر اپنے روشن مستقبل ملک و قوم کی سربلندی کے لیے اپنے جواں سینوں کو پیش کردیں ۔ فوج میں بھرتی کے لیے عادل آباد ضلع میں ریالی کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جس میں فوجی جنرل ڈیوٹی ، فوجی ٹریڈ مین ، فوجی کلرک ، اسٹور کیپر ، فوجی ( ٹیکنیکل ) اور فوجی نرسنگ اسسٹنٹ امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا اور امیدوار کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ فزیکل فٹنس ٹسٹ اور تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرے جو 31 مئی کے دن ایل بی نگر اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے joinindianarmy.nic.in پر ربط کریں ۔۔