۔358 رنز اسکور کرنے کے باوجود پاکستان کو انگلینڈ کیخلاف شکست

برسٹل ۔15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 359 رنزکاہدف باآسانی عبور کرتے ہوئے تیسرے ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ برسٹل میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں تبدیلیاں کیں جہاں پاکستان نے یاسر شاہ کی جگہ جنید خان کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جبکہ انگلینڈ نے جوز بٹلر اور عادل رشید کی جگہ ٹام کرن اور جو ڈینلی کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا ہے۔پاکستان نے اننگز کا آغازکیا توگزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے فخر زمان صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے کرس ووکس کو لگاتار دو چوکے لگائے لیکن تیسری گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور 15رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوںکھلاڑیوں نے موثر بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 69 رنزجوڑے لیکن اس مرحلے پر غیر ذمے دارانہ دوڑ کے نتیجے میں حارث کی اننگز تمام ہوئی، انہوں نے 41گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے۔ سرفراز احمد اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کے لیے 62رنز جوڑے لیکن ایک غلط شاٹ کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کے کپتان کی اننگز27 رنز پر تمام ہوئی۔ اس کے بعد امام کا ساتھ دینے آصف علی آئے اور دونوں کھلاڑی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 125رنز کی شراکت قائم کی، آصف 52رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی چھٹی سنچری اسکور کی اور 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 16چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اختتامی اوورز میں پاکستانی ٹیم زیادہ تیز رفتاری سے رنز اسکور نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے، عماد وسیم 22، فہیم اشرف 13 اور حسن علی نے 18رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 اور ٹام کرن نے 2 وکٹیں لیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے 17اوورز میں اپنی ٹیم کو 150رنز سے زائد کا آغاز فراہم کر کے میچ کو تقریباً یکطرفہ بنا دیا، انگلینڈ کی پہلی وکٹ 159رنز پرگری جب جیسن روئے 55گیندوں پر 76رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ دوسرے سرے سے جونی بیئراسٹو نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے جو روٹ کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 75رنز جوڑے اور 5 چھکوں اور 15چوکوں سے مزین 128رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ اسکور 278 تک پہنچا تو جو روٹ بھی 43رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے لیکن اس وقت تک میچ کا فیصلہ ہو چکا تھا جبکہ اسٹوکس کی اننگز 37 رنز پر تمام ہوئی۔ انگلینڈ نے 359رنزکا ہدف31گیندوں قبل ہی باآسانی حاصل کر کے میچ میں 6وکٹ سے فتح حاصل کی اور سیریز میں بھی 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔