۔21فروری کو متحدہ ریاست کی کامیابی کا جشن

حیدرآباد /31 جنوری (سیاست نیوز) وجے واڑہ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راج گوپال نے کہا کہ متحدہ آندھرا تحریک کا اختتام کامیابی کے ساتھ ہوگا اور 21 فروری کو کامیابی کا جشن منایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں ہم ریاست کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے اور پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوتے ہی ہم اجلاس ایک گھنٹہ بھی نہیں چلنے دیں گے۔ علاوہ ازیں اگر ضرورت پڑی تو یو پی اے حکومت کے خلاف ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی جائے گی۔ انھوں نے تلنگانہ بل کو اسمبلی میں شکست سے دو چار کرنے پر چیف منسٹر اور سیما۔ آندھرا کے ارکان اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھرا تحریک کے حصہ کے طورپر 9 فروری کو وشاکھا پٹنم کے ساحل سمندر پر متحدہ آندھرا کی دوڑ کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ریاست کی تقسیم روکنے کے لئے ہم اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے متحدہ آندھرا کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے دہلی پہنچ کر علحدہ ریاست کے نمائندہ کی حیثیت سے واپس آنے کے ریمارکس کو سیاسی بھوک قراردیا اور کہا کہ ہم ریاست کے مفاد اور عوام کی ترقی کے پیش نظر متحدہ آندھرا کی تحریک چلا رہے ہیں، جب کہ کے چندر شیکھر راؤ سیاسی مفاد کے لئے تلنگانہ تحریک چلا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جو قائدین متحدہ آندھرا کی برقراری میں اپنی دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں، انھیں آئندہ انتخابات میں عوام آرام کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔ انھوں نے سیما۔ آندھرا کے عوام سے اپیل کی کہ جس طرح ارکان اسمبلی پر دباؤ ڈالا گیا ہے، اسی طرح ارکان پارلیمنٹ پر بھی دباؤ ڈالا جائے۔