۔2014 ء میں فی گھنٹہ 15 افراد کی خودکشی کے واقعات

نئی دہلی ۔ /19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں گزشتہ سال ہر گھنٹہ تقریباً 15 افراد کی خودکشی کے واقعات پیش آئے ۔اس طرح 1.31 لاکھ سے زائد نے اپنی زندگی ختم کرلی ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹرا اس معاملے میں سرفہرست رہا جبکہ شہروں میں چینائی آگے تھا ۔ نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو نے یہ تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 69.7 فیصد افراد جنہوں نے خودکشی کی ان کی سالانہ آمدنی ایک لاکھ روپئے سے بھی کم تھی ۔ جبکہ ہر 6 افراد میں ایک جس نے خودکشی کی وہ گرہست خاتون تھی ۔ سال 2014 ء میں مہاراشٹرا میں 16,307 ، ٹاملناڈو میں 16,122 اور مغربی بنگال میں 14,310 خودکشی کے واقعات پیش آئے ۔ میگا سیٹیز میں چینائی میں سب سے زیادہ 2,214 جبکہ بنگلورو میں 1906 اور دہلی میں 1847 خودکشی کے واقعات پیش آئے ۔ اسی طرح خودکشی کے معاملے میں مرد اور خواتین کی شرح 68:32 رہی ۔ خودکشی کی نوعیت کے بارے میں یہ پتہ چلا کہ 41.8 فیصد نے پھانسی لیکر 26 فیصد نے زہر کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کی جبکہ 6.9 فیصد نے خودسوزی اور 5.6 فیصد نے پانی میں کود کر اور 1.1 فیصد نے عمارت سے چھلانگ یا ٹرین کے نیچے آکر انتہائی اقدام کیا ۔