۔2 رنز تنازعہ:امباٹی رائیڈو پر دو میچ کی پابندی

نئی دہلی۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد کے کپتان امباتی رائیڈو پر سید مشتاق علی ٹرافی ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کے میچ کے دوران ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ضابطہ اخلاق قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے لئے دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے ۔بی سی سی آئی نے کہاکہ رائیڈو نے مشتاق علی ٹورنمنٹ میں11 جنوری کو حیدرآباد اور کرناٹک کے درمیان کھیلے گئے ٹوئنٹی 20 مقابلے کے دوران بی سی سی آئی کے ضابطہ اخلاق قوانین کی خلاف ورزی کی تھی جس کے لئے ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے ۔رائیڈو اب پانچ فروری کو شروع ہونے والے وجے ہزارے ٹرافی میں سروسز اور جھارکھنڈ کے خلاف ابتدائی دو میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ بی سی سی آئی اس معاملے میں حیدرآباد ٹیم منیجر کے کردار کی جانچ کررہی ہے ۔بورڈ نے کہا کہ حیدرآبادی کھلاڑی نے اپنے الزام کوتسلیم کر لیا ہے اور ایسے میں اس معاملے میں باقاعدہ طو رپر سماعت نہیں کی جائے گی۔ رائیڈو پر میدانی امپائر ابھیجیت دیشمکھ، الھاس وتھالراو گاندھی اور تھرڈ امپائر انیل دانڈیکر نے اس معاملے کی پیروی کی تھی۔واضح رہے کہ حیدرآباد اور کرناٹک کے درمیان ہوئے میچ پر 2 رنز کے سلسلے میں تنازعہ ہوا تھا اور الجھن اس وقت پیدا ہوئی جب کرناٹک کی اننگز ختم ہونے کے بعد اس کی اننگز میں دو رنز جوڑے گئے اور تبدیل ہوئے اس نشانہ میں حیدرآباد کو دو رنز سے ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حیدرآباد کی ٹیم نے اس کی سخت مخالفت کی۔ حیدرآباد نے سوپر اوور کروانے کا مطالبہ کیا اگرچہ اس کی یہ مطالبہ پورا نہیں کیا گیا۔کرناٹک کی اننگز کے دوسرے اوور میں فیلڈر مہدی حسن کا پیر گیند کو روکنے کی کوشش میں ڈیپ مڈ وکٹ پر باونڈری لائن پر رسی سے ٹکرا گیا۔ میدانی امپائروں ابھیجیت دیشمکھ اور الھاس گاندھے نے تیسرے امپائر کی مدد نہیں لی۔ اگرچہ ری پلے میں حسن کا پیر باونڈری لائن کو چھو گیا تھا۔حیدرآباد نے جب ہدف کا تعاقب کرنا شروع کیا تو اس سے پہلے کرناٹک کے کپتان آر ونے کمار امپائر سے اس طرف اشارہ کیا اور کرناٹک کے اسکور میں دو رن جوڑ دیئے ۔حیدرآباد کے کپتان رائیڈو امپائروں کے اس معاملے کو سنبھالنے کے طریقوں سے بے حد ناراض نظر آئے اور انہوں نے دلیل دی کہ ونے نے نو منٹ تک کھیل روکے رکھا تھا۔